Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت محنت نے کارکن کی شکایت حل کردی

ریاض ( نیوز ڈیسک ) وزارت محنت اور سماجی بہبود نے نجی کمپنی کے چوکیدار کی مشکلات حل کر دیں ۔ کارکن کو انتہائی چھوٹا کیبن رہائش کیلئے دیا گیا تھا ۔ وزارت محنت کی تفتیشی ٹیم نے کمپنی کو اس بات پابند کیا کہ کارکن کو مناسب رہائش فراہم کی جائے ۔ تفصیلات کے مطابق ریاض کے مغربی علاقے میں ایک نجی تعمیراتی کمپنی کی انتظامیہ نے سائٹ پر موجود چوکیدار کو رہائش کیلئے انتہائی چھوٹا کیبن دیا تھا جس میں بنیادی ضروریات زندگی کی سہولت بھی موجود نہیں تھی ۔ وزارت محنت کی تفتیشی ٹیم نے سائٹ پر موجود کارکن سے دریافت کیا تو اس نے بتایا کہ اسے کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ کمپنی کی جانب سے کارکن کو جو کیبن فراہم کیا گیا تھا اس میں ایک شخص بھی بڑی مشکل سے لیٹ سکتا تھا ۔ وزارت کے تفتیشی اہلکاروں نے جب کارکن کی مشکلات دیکھیں تو انہوں نے فوری طور پر کیبن کو وہاں سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کمپنی کو اس بات کی ہدایت کی کہ کارکن کو سائٹ پر مناسب رہائش فراہم کی جائے ۔ اس حوالے سے وزارت محنت و سماجی بہبود کے ریجنل ڈائریکٹر انجئینر طارق الزھرانی کا کہنا تھا کہ مذکورہ کمپنی کے خلاف شکایت درج کر لی گئی ہے جبکہ وزارت کی جانب سے اس بات کی پہلے بھی وضاحت موجود ہے کہ تعمیراتی سائٹس پر موجود کارکنوں کو مناسب رہائش کی فراہمی کمپنی کے ذمہ ہوگی ۔

شیئر: