یمن میں 89 ٹن فوڈ اور موسم سرما کے 600 بیگ تقسیم
اتوار 20 فروری 2022 22:44
شاہ سلمان مرکز کے تحت امدادی منصوبے جاری ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نےحال ہی میں یمن کے ماریب گورنریٹ میں بے گھر افراد میں موسم سرما کے 600 بیگز تقسیم کیے جس سے تین ہزار 600 افراد مستفید ہوئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے تعز گورنریٹ میں بھی موسم سرما کے 500 بیگز تقسیم کیے جس سے تین ہزار افراد نے فائدہ اٹھایا۔
یہ امداد یمن میں متاثرہ اور بے گھر افراد کی مدد کے لیے مملکت کی جانب سے جاری منصوبوں کے فریم ورک کے اندر آتی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے المہرہ گورنریٹ میں 89 ٹن سے زیادہ فوڈ باسکٹ تقسیم کیں جس سے پانچ ہزار سے زیادہ افراد مستفید ہوئے۔
یہ امداد یمن کے 15 گورنریٹس میں ضرورت مند اور متاثرہ خاندانوں میں 20 ہزار ٹن سے زیادہ وزنی ایک لاکھ 92 ہزار فوڈ باسکٹ تقسیم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 77 ممالک میں مختلف قسم کے 1814 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.5 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 3.9 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 368 ملین ڈالر، شام میں 322 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 209 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔