غیر ملکی خواتین کا آرٹ ورک کے ذریعے مملکت سے اظہار عقیدت
غیر ملکی خواتین کا آرٹ ورک کے ذریعے مملکت سے اظہار عقیدت
منگل 1 مارچ 2022 14:35
یوم تاسیس پر صلاحیتوں کے ساتھ مدعو کیے جانے پر ہمیں بہت فخر ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے یوم تاسیس کے حوالے سے پاکستان، ہندوستان، سری لنکا، مصر اور یمن سے 20 آرٹسٹ خواتین نے ایک نمائش میں منفرد فن کے ذریعے مملکت سے اپنی محبت اورعقیدت کا اظہار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ نمائش 'سعودی عرب ان کی نظرمیں' سعودی عربین سوسائٹی فار کلچر اینڈ آرٹس (SASCA ) کے تعاون سے منعقد ہوئی۔
کوئی بھی فن وطن، قومیت یا رنگ و نسل سے بالا ہوتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
وزارت ثقافت و اطلاعات کے سابق ڈائریکٹر جنرل اور مکہ میں کلچراینڈ آرٹ سوسائٹی کے ڈائریکٹر محمد الصبیح نے اس نمائش کا افتتاح کیا۔
اس نمائش نے بہت سے فنکاروں کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے جو کہ سعودی عرب کے ورثے کو اپنے فن پاروں کے ذریعے اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر نمائش کی ذمہ دار مونا محمد نے سعودی عرب سے تعلق رکھنے کی حقیقی تشریح کے ذریعے اس تقریب کا مقصد بیان کیا۔
مونا محمد نے بتایا ہے کہ مملکت کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے سعودی عربین سوسائٹی فار آرٹس اینڈ کلچر کی جانب سے مدعو کیے جانے پر ہمیں بہت فخر ہے۔
ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ اپنے ملک اور گھروں سے دور سعودی عرب کے لیے اپنی محبت، لگن اور مملکت سے اظہار یکجہتی اپنے فن پاروں کے ذریعے بیان کر سکیں۔
مونا محمد کا کہنا ہے کہ ہم سعودی عرب اور یہاں کے عوام کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں اپنے تصورات اور فن کے ذریعے اس عظیم سرزمین کی ترقی کےاظہار کا موقع فراہم کیا۔
پاکستان، انڈیا، سری لنکا، مصر اور یمن سے آرٹسٹ خواتین نے نمائش میں حصہ لیا۔ فوٹو عرب نیوز
مونا محمد کا تعلق ہندوستان سے ہے اور وہ عرصہ دس سال سے مملکت میں مقیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک فنکار کی نظر سے سعودی عرب کی ترقی کو دیکھنا میرے لیے انتہائی اہم ہے
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے یہاں اپنی زندگی کے جو انمول لمحات گزارے ہیں اس پر اللہ تعالی کےانتہائی شکر گزار ہیں۔
نمائش میں موجود ایک مہمان سعود الشیخی نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین تارکین وطن کا اپنے تخلیقی فن پاروں کے ذریعے سعودی عرب سے محبت کا اظہار اورانداز قابل ستائش ہے۔
سعود الشیخی نے کہا کہ کوئی بھی فن وطن، قومیت یا رنگ و نسل سے بالا ہے اوراصل فنکار وہ ہے جو اپنے اندر کی تخلیقی صلاحیت کو باہرلاتا ہے۔
میں نے یہاں پر وہ کچھ دیکھا ہے جو عمدہ فن ہے اور اس کا بین الاقوامی طور پر موازنہ کیا جاسکتا ہے۔
اصل فنکار وہ ہے جو تخلیقی صلاحیت کو رنگوں کے ذریعے نکھارتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
یہاں موجود ایک آرٹسٹ ریحان عزیز نے ولی عہد کے وژن 2030 اور مملکت کے مختلف حصوں سے مشہور مناظر کے ساتھ اپنی پینٹنگ پیش کی ہے۔
ریحان عزیز کا کہنا ہے کہ یہ پینٹنگ سعودی عرب سے ان کی محبت کا اظہار ہے اور اس میں یہاں کے ورثے اور ثقافت کو نمایاں کیا گیا ہے۔
قومی دن کی تقریبات کے دوران سعودی ایئر شو سے متاثر ہو کر 13 سالہ علیزہ خان نے سعودی ایئرلائنز کے طیارے کی پینٹنگ کے ساتھ اس نمائش میں حصہ لیا۔
علیزہ خان کے والد کیپٹن محمد طارق خان دس برس سے سعودی ایئرلائنز میں پائلٹ ہیں انہوں نے بتایا کہ میری بیٹی نے کورنیش پر جا کر ایئرشو دیکھا اور یہ پینٹگ تیار کی ہے اور ہمارا پورا خاندان سعودی عرب کی سرزمین سے خاص عقیدت اور محبت کا رشتہ قائم رکھے ہوئے ہے۔