چودھری برادران سے ملاقات، ’پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں کمی خوش آئند‘
ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ (سکرین گریپ)
وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں چوہدری برادران سے ملاقات کی۔
مسلم لیگ ق کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔
بیان کے مطابق ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا عبدالرزاق داؤد، فواد چودھری، مخدوم خسرو بختیار، شفقت محمود، حماد اظہر اور عامر ڈوگر تھے۔
وزیراعظم چودھری برادران سے ملاقات کے بعد وہاں سے روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ق لیگ کی جانب سے میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چودھری شجاعت نے حکومت کی جانب سے پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو خوش آئند قرار دے دیا۔
چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم کی جانب سے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب اپنے وزیروں کی ڈیوٹی لگائیں کہ وہ بازاروں میں بھی قیمتوں کی کمی پر نظر رکھیں تاکہ عوام کو نچلی سطح تک اس کا فائدہ پہنچ سکے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ صنعتوں کی بحالی کے لیے پیکیج کا اعلان بڑا اچھا ہے۔ ’پنجاب کی انڈسٹریل سٹیٹس کے لیے بھی ایسے ہی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ اس پرعمران خان کہا کہ یہ بڑا اچھا آئیڈیا ہے اس میں پنجاب کی صنعتوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔‘ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے وزیراعظم کے دورہ روس کی بھی تعریف کی۔