عسیر کے تجارتی مراکز میں ایس او پیز کی 172 خلاف ورزیاں
ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر 4 اداروں کو سیل کیا گیا ہے( فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں عسیر میونسپلٹی نے تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز اور بازاروں میں 172 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق عسیر میونسپلٹی نے تفتیشی کارروائیوں کے دوران مختلف ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر 4 اداروں کو سیل کیا ہے۔
تفتیشی کارروائی کے دوران یہ بات ریکارڈ پر آئی تھی کہ متعلقہ ادارے، صحت و بلدیاتی اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کررہے تھے۔ کورونا ایس او پیز کی پابندی بھی نہیں کی جارہی تھی۔
عسیر کے میئر ڈاکٹر ولید الحمیدی نے کہا کہ آئندہ بھی تجارتی مراکز، بازاروں اور شاپنگ سینٹرز کے خلاف تفتیشی مہم جاری رہے گی۔
اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام بازاروں اور تجارتی اداروں کے مالکان و منتظمین بلدیاتی و صحت ضوابط کی پابندی کریں۔