موبائل صارفین کی تعداد میں 9فیصد کمی واقع ہوگئی
جدہ: سعودی عرب میں موبائل صارفین کی تعداد میں 9فیصد کمی واقع ہوگئی۔ اعداد وشمار کے مطابق 2015ءکے دوران موبائل صارفین کی تعداد52.8ملین تھی جو 2016ءمیں کم ہوکر 47.9ملین ہوگئی۔ المدینہ اخبار کے مطابق موبائل صارفین کی تعداد میں کمی کے 4بنیادی اسباب ہیں جس میں معتمرین اور وزٹ ویزے پر آنے والوں کی تعداد میں کمی، موبائل سم کو فنگر پرنٹ سے جوڑنا، ایک صارف کے نام پرپری پیڈ سم کی تعداد محدود کرنا اور موبائل کمپنی کی ناقص کارکردگی شامل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل صارفین کی تعداد میں اضافہ نئی موبائل کمپنیوں کی شمولیت سے ممکن ہے۔ علاوہ ازیں موجودہ کمپنیاں نرخوں میں کمی کے علاوہ سروس کو بہتر بناکر صارفین کی تعداد میں اضافہ کرسکتی ہیں۔ ماہرین نے بھی کہا ہے کہ موبائل سروس کے نرخوں کا تقابل دیگر ممالک سے کیا جائے تو اندازہ ہوگا کہ سعودی عرب میں موبائل سروسز کے نرخ دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت زیادہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کمیونیکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ موبائل کمپنیوں کو نرخ نامے پر نظر ثانی کی تجویز دے سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں پری پیڈ موبائل صارفین کی کل تعداد 39.1ملین ہے جبکہ بل والے صارفین 8.8ملین ہیں۔