Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جن ہاتھوں نے پالا ان میں ٹرافی دیکھنا بہترین احساس ہے‘

شاہین آفریدی نے لکھا کہ ’جن ہاتھوں نے مجھے پالا ان کے ہاتھوں میں ٹرافی دیکھنا بہترین احساس ہے‘ (فوٹو: ثمین رانا ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کی فاتح فرنچائز لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے کپتان کی عدم موجودگی میں ان کے آبائی علاقے لنڈی کوتل پہنچی تو شاہین شاہ آفریدی والد کے ہاتھ میں ٹرافی دیکھ کر جذبات کا اظہار کیے بغیر رہ نہ سکے۔
ٹوئٹر پر قلندرز کے ذمہ داران اور اپنے والد سمیت دیگر افراد کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’جن ہاتھوں نے مجھے پالا ان کے ہاتھوں میں ٹرافی دیکھنا بہترین احساس ہے۔‘
یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا کے خلاف جاری راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ پی ایس ایل کی ٹرافی کے ساتھ اپنے گھر نہیں جا سکے ہیں۔
اپنے پیغام میں والد کو مخاطب کرتے ہوئے جہاں انہوں نے اپنے احساسات کا اظہار کیا وہیں اس خوب صورت انداز پر لاہور قلندرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
شاہین شاہ آفریدی کی عدم موجودگی میں لاہور قلندرز کی مینجمنٹ ٹرافی لے کر ان کے آبائی گاؤں پہنچی تھی۔
ٹرافی لے کر شاہین شاہ آفریدی کے گھر پہنچنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم کے ہمراہ سی ای او عاطف رانا، سی او او ثمین رانا اور ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید بھی موجود تھے۔

شیئر: