Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں خواتین کا عالمی دن کیسے منایا جارہا ہے؟

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج 8 مارچ کو خواتین کے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے مختلف ریلیاں اور پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
سرکاری سطح پر پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی نے اداروں میں کام کرنے والی خواتین کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا ہے جہاں ’نیشنل جینڈر پالیسی 2022‘ متعارف کارروائی جائے گی۔
پاکستان کے تمام شہروں میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ریلیاں نکالی جائیں گی اور عورت مارچ کے تحت ریلیوں کے شرکا کے لیے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں اور انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں منعقد کی جانے والی ریلی کے منتظمین کے مطابق اس سال عورت مارچ کا بڑا مطالبہ مزدوری کے عوض ملنے والی اجرت میں اضافہ ہے۔
دوسری جانب عورت مارچ لاہور کے منتطمین نے ریلی کے شرکاء کے لیے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ’براہ مہربانی اپنے پوسٹر پر ایسی تصاویر اور زبان استعمال کرنے سے گریز کریں جو کسی کی مذہبی، نسلی، قومی، صنفی یا جنسی جذبات کو مجروح کرے۔‘
پاکستان میں مذہبی جماعتیں بھی آج کے دن کی مناسبت سے ٹوئٹر پر پیغامات جاری کررہی ہیں۔ جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’دنیا آج خواتین کا عالمی دن منا رہی ہے۔ خواتین کو تمام حقوق ملنے چاہییں جو انہیں اسلام دیتا ہے۔‘
اس حوالے سے پاکستان کی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ’پیغام میرا یہی ہے خواتین کو کہ آج ساری خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونا چاہیے اپنے حقوق کے لیے تاکہ ہر حکومت صنفی برابری اور محفوظ ماحول کے لیے کوششیں آگے بڑھائیں۔‘

شیئر: