نئی دہلی... سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کیہر سنگھ نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی جماعتوں کو کسی بھی طرح کی ذمہ داری کا احساس نہیں اور وہ کسی کے سامنے جواب دہ ہونے کیلئے بھی تیار نہیں ۔ ہفتہ کو ایک تقریب میں جس میں صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی اور وزیراعظم نریندر مودی بھی موجود تھے کہا کہ سیاسی جماعتیں انتخابات میں حصہ لیتی ہیں اور انتخابی منشور بھی جاری کرتی ہیں لیکن وہ منشور میں کئے گئے وعدے پورے نہیں کر تیں ۔تمام جماعتوں کے انتخابی منشور بس کاغذوں تک محدود ہوتے ہیں۔ جمہوریت میں انتخابی وعدوں کو پورا نہ کرنا خود جمہوریت کی ناکامی کا سبب بن جاتا ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو انتخابی وعدے پورا نہ کرنے پر جواب دہ بنایا جائے اور اس کیلئے انہیں ذمہ دار بھی قرار دیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت کے منشور میں بہت سی خامیاں ہوتی ہیں جن کا تعلق آئین اور ملک سے نہیں ہوتا ۔ جب انتخابی وعدے پورا نہ کرنے کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں سے باز پرس کی جاتی ہے تو وہ مختلف بہانے کرنے لگتی ہیں۔