Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرے ہاتھوں میں بندھی زنجیر اب کھل جائے گی: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن رہنماؤں آصف زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک عدم کی ناکامی کے بعد میں ان کو چھوڑوں گا نہیں۔ 
بدھ کو وزیراعظم عمران خان کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ایم کیو ایم کے مرکز کا دورہ کرنے کے بعد گورنر ہاؤس پہنچے اور وہاں پارٹی کارکنان سے جارحانہ خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے اپوزیشن رہنماؤں کو للکارا۔  
عمران خان نے اپوزیشن رہنماؤں کے نام بگاڑتے ہوئے انھیں مخاطب کیا اور کہا کہ ’زرداری، شہباز شریف اور فضل الرحمان اب تمہارا وقت آ گیا ہے۔ میں تم لوگوں کو وہاں پہنچاؤں گا جہاں تمہیں بہت پہلے ہونا چاہیے تھا۔‘  
انھوں نے کہا کہ ’سندھ پاکستان وہ سب سے پسماندہ علاقہ ہے جو سب سے زیادہ تبدیلی چاہتا ہے۔ شاہ محمود قریشی اور علی زیدی کےاندرون سندھ کے دورہ کے بعد میں خود اندرون سندھ کا دورہ کروں گا۔‘ 
انھوں نے تحریک عدم اعتماد لانے والی تینوں جماعتوں کے سربراہان کو باری باری مخاطب کیا۔  
آصف زرداری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’آصف زرداری بہت دیر سے میری بندوق کے نشانے پر تھے۔ جب بھی ان کو نیب بلاتی ہے تو ان کی کمر میں درد ہو جاتا ہے۔ انھوں نے پاکستان کے غریب عوام کے اربوں روپے لوٹ کر دنیا بھر کے بینکوں میں جمع کروا رکھے ہیں۔‘  
’اب یہ ہمارے ارکان کو خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں اور 20، 20 کروڑ کی بولیاں لگا رہے ہیں۔ ایک ایم این اے نے مجھے بتایا کہ مجھے 20 کروڑ روپے کی آفر کی گئی ہے۔ میں نے اسے کہا کہ ان سے پیسے پکڑ لو اور بعد میں لنگر خانہ یا پناہ گاہ کھول لینا۔‘

وزیر اعظم نے کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز کا بھی دورہ کیا (فوٹو: عمران خان/فیس بک)

عمران خان نے شہباز شریف کو ’مقصود چپڑاسی والا‘ کا نام دیتے ہوئے کہا کہ ’ان کو پتہ چل گیا ہے کہ تین مہینے بعد جیل جانے والے ہیں۔ شہباز شریف نے اپنے بیٹے اور داماد کو باہر بھیج دیا ہے۔ ہم ان سے پیسے واپس لا کر بجلی کی قیمت مزید کم کر دیں گے۔‘ 
وزیراعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مسٹر ڈیزل کو جب نیب نے طلب کیا تو انھوں نے نیب کو دھمکی دی میں دو ہزار بندے لے کر آ جاؤں گا۔ نیب کو ڈرا دیا لیکن میں بتا دوں کہ جب یہ عدم اعتماد ناکام ہوگی تو پھر نیب تمہیں بلائے گی اور تم دو ہزار لوگ لے کر آو گے تو میں اس کے مقابلے میں ایک لاکھ بندہ کے کر آ جاؤں گا۔‘  
عمران خان نے کہا کہ ’جنھوں نے 40 سال ملک کو لوٹا وہ اب عمران خان سے ملک بچانے نکلے ہیں۔ یہ کہتے ہیں میں نے یورپی یونین کو ناراض کر دیا۔ میں نے یورپی یونین کو کچھ نہیں صرف ان کو یاد دہانی کروائی ہے کہ وہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی مذمت بھی کریں۔‘

شیئر: