مکہ میونسپلٹی نے 6 ہزار سے زیادہ ناکارہ گاڑیاں ہٹوا دیں
ناکارہ گاڑیاں مختلف مقامات پر راہگیروں کے لیے مشکلات کا باعث تھیں( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے مختلف مقامات، کمشنریوں، بلدیاتی کونسلوں کی حدود سے تباہ شدہ اور ناکارہ گاڑیاں ہٹوائی ہیں۔ھ
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ میونسپلٹی نے بیان میں کہا کہ تباہ شدہ اور ناکارہ گاڑیاں ایک عرصے سے مختلف مقامات پر راہگیروں کے لیے زحمت کا باعث بن گئی تھیں۔ ٹریفک کی روانی بھی معطل ہورہی تھی۔
مکہ میونسپلٹی نے مزید کہا کہ سال رواں کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران 6316 گاڑیاں ہٹائی گئی ہیں۔
ان میں سے 1815 گاڑیاں میونسپلٹی کی ہدایت پر ان کے مالکان نے ہٹائیں جبکہ 4546 گاڑیوں کو ہٹانے سے قبل ان پر انتباہ کے سٹیکر چسپاں کیے گئے تھے اور بتایا گیا تھا کہ فلاں تاریخ تک نہ ہٹانے پر گاڑی آپ کے خرچ پر ہٹا دی جائے گی۔
یاد رہے کہ سعودی محکمہ ٹریفک نے تباہ شدہ اور ناکارہ گاڑیاں ریکارڈ سے ہٹوانے کےلیے ایک برس کی مہلت دی ہے‘۔
’ تباہ شدہ اور ناکارہ گاڑیوں کو ریکارڈ سے ہٹوانے والوں کو تاخیر کے جرمانے اور تجدید کی فیس ادا نہیں کرنا ہوگی تاہم ٹریفک جرمانے معاف نہیں ہوں گے‘۔