سعودی محکمہ جیل خانہ جات نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز میں نرمی کے بعد جیلوں میں قیدیوں سے اہل خانہ کی ملاقات پر عائد پاپندی ختم کردی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات نے کہا کہ کورونا وبا سے متعلق پابندیاں ختم ہونے پرقیدیوں سے اہل خانہ کی ملاقاتیں بحال کی گئی ہیں جس طرح وبا سے قبل رشتہ دار اپنے قیدیوں سے جیل میں ملنے کے لیے آتے تھے۔ آئندہ بھی آسکیں گے۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے بیان میں کہا تھا کہ’ امور صحت کے نگران اداروں کی جانب سے جاری سفارشات کی روشنی میں متعدد احتیاطی تدابیر میں نرمی کی گئی ہے۔‘
تمام مقامات پر(بند اور کھلے ) سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔ کھلے مقامات پرماسک کی پابندی ختم کردی گئی ہے جبکہ بند مقامات پرماسک استعمال کیاجائے گا۔
سعودی وزارت داخلہ کےمطابقہ’ کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے عائد پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔ مملکت آنے والوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔‘