Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آصفہ سے ڈرون کا ٹکرانا پیغام تھا، آئی ایس آئی تحقیقات کرے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ’آصفہ بی بی سے کیمرے والے ڈرون کا ٹکرانا ہمارے لیے پیغام تھا۔ آئی ایس آئی، انٹیلی جنس ایجنسیز سے درخواست کروں گا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کرے۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’دو ایسے واقعات ہوئے جو میرے لیے ناقابل برداشت ہیں۔ ایک واقعہ آصفہ بی بی پر حملے کا ہے۔ آصفہ بی بی سے کیمرے والے ڈرون کا ٹکرانا ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے لیے پیغام تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ حکومت پر اعتماد نہیں، میں آئی ایس آئی اور انٹیلی جنس ایجنسیز سے درخواست کروں گا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر کے رپورٹ تیار کریں۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی دھمکی بھی ناقابل برداشت ہے۔ ’جو سمجھتے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے وہ جان لیں ہماری رگوں میں شہیدوں کا خون ہے۔ اب ہم بچے نہیں رہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم جمہوریت کے حامی ہیں، میں ایک پُر امن آدمی ہوں اور پُر امن رہوں گا۔ سیاست کرنا ہمارا حق ہے۔ آپ ہمیں زندگی اور موت کی دھمکی دیں گے، یہ کوئی مذاق نہیں ہے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’میں نے خاتون اول کے لیے کبھی غلط زبان استعمال نہیں کی، ہمیں تو بتایا گیا ہے کہ کوئی پوسٹنگ خاتون اول کی اجازت کے بغیر نہیں ہوتی۔‘

بلاول بھٹو کے مطابق عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی سے متعلق پرامید ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’پنجاب میں کوئی تقرری کوئی تبادلے اس وقت تک نہیں ہوتے جب تک خاتون اول کو پیسے نہ دیے جائیں۔‘
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ خاتون اول سے دعا کرائیں کہ زرداری کی حکومت نہ آئے۔‘
بلاول بھٹو نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’جو کیسز آپ پر بننے والے ہیں عمران خان آپ کو اندازہ نہیں۔ مجھے بھی گالی دینا آتی ہے لیکن میں نہیں دوں گا۔‘
انہوں نے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم پُراعتماد ہیں کہ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگی۔‘

شیئر: