مملکت کے تعلیمی اداروں میں 10 روزہ تعطیلات کا آغاز
جمعرات 10 مارچ 2022 20:02
تیسرے سمسٹرکا آغاز 20 مارچ سے ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی سکولوں میں 10 مارچ 2022 جمعرات کو امتحانات مکمل ہونے کے بعد دوسرے سمسٹر کی 10 روزہ چھٹیوں کا آغاز ہوگیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق چھٹی کے بعد تیسرا سمسٹر 20 مارچ 2022 کو شروع ہوگا۔ تعلیمی سال کا اختتام 29 جون 2022 کو ہوگا اور 30 جون 2022 سے طویل سالانہ چھٹیاں شروع ہوں گی۔
سعودی وزارتعلیم نے اس سے قبل کہا تھا کہ دوسرے سمسٹر کے امتحانات کے دوران طلبہ کی صحت و سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کرلیے گئے ہیں۔
وزارت تعلیم نے کہا کہ دوسرے سمسٹر امتحانات کے انتظامات پر طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے اطمینان اور خوشگوار جذبات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب جدہ اور مکہ مکرمہ کی میونسپلٹیوں نے توجہ دلائی ہے کہ سکولوں میں تعطیلات کے دوران مکہ مکرمہ کے عوامی پارکوں، تفریحی مقامات، سبزہ زاروں، چوراہوں اور جدہ میں شمالی کورنیش اور جنوبی کورنیش پر سی فرنٹ نیز شہر کے مختلف مقامات پر موجود واکنگ ٹریکس اس لائق ہیں کہ سب لوگ سیر و تفریح کے لیے وہاں جائیں اور اچھا وقت گزاریں۔