کراچی ٹیسٹ: دوسرے روز آسٹریلیا کے 505 رنز پر آٹھ کھلاڑی آؤٹ
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں ڈرا ہو گیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 505 رنز بنائے ہیں۔
ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی آٹھویں وکٹ بابر اعظم نے حاصل کی۔
آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی کیمرون گرین تھے جو نعمان علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ انہوں نے 28 رنز سکور کیے۔
اس سے قبل عثمان خواجہ پاکستانی سپنر ساجد خان کی ایک گھومتی ہوئی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انہوں نے 160 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ ٹریوس ہیڈ کی گری جو 23 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اس سے قبل نیتھن لیان کو فہیم اشرف نے کلین بولڈ کیا تھا۔
آسٹریلیا نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز 251 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔
سنیچر کو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اوپنر ڈیوڈ وارنر 36 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تھے۔
مارنس لبوشین آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جو کھاتہ کھولے بغیر ساجد خان کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے تھے۔
سٹیو سمتھ نے اوپنر عثمان خواجہ کے ساتھ طویل شراکت قائم کی اور 72 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے۔ ان کا کیچ سلپ میں فہیم اشرف نے لیا تھا۔