Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باؤنسی پچ بناکر آسٹریلیا کی گود میں نہیں کھیلنا چاہتے: رمیز راجا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہوا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ ’موجودہ کرکٹ سیزن کے اختتام کے بعد 50 سے 60 نئی پچیں بنائی جائیں گی۔‘
بدھ کے روز پی سی بی کے چیئرمین نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ’جب وہ اس عہدے پر آئے تو سب سے پہلے انہوں نے یہی کہا تھا کہ پاکستان میں پچوں کو دوبارہ بنانے کی ضرورت ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آسٹریلیا سے مٹی آرہی ہے اور ہم نے اپنے پاس کچھ تجربہ کرکے مٹی تیار کی ہے۔ مٹی کے ماہرین کے ذریعے پاکستان بھر میں 50 سے 60 پچیں ہم دوبارہ بنائیں گے، جیسے ہی ہمارا سیزن مارچ، اپریل میں ختم ہوگا۔‘
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا، جس کے بعد پی سی بی پر بیٹنگ پچیں بنانے پر تنقید بھی کی گئی تھی۔
پاکستان کے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بھی اس معاملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں انتہائی مایوس ہوں پی سی بی کی جانب سے تاریخی ٹیسٹ میچ کے لیے ایسی مردہ پچ کا انتخاب کیا، اتنے تیز بولنگ اٹیک کے باوجود ہمیں مردہ پچ کی ضرورت کیوں پڑی؟‘
اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا کہ ’ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اور ہم صرف تیز یا ایک باؤنسی پچ بناکر آسٹریلیا کی گود میں نہیں کھیلنا چاہتے۔‘
’ہم نے آسٹریلیا کو ہرانا ہے اور ہم نے احتیاط کے ساتھ حکمت عملی بنانی ہے۔‘

شیئر: