Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس کا یوکرین میں ٹی وی ٹاور پر راکٹ حملہ، نو افراد ہلاک

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پیر کی صبح دو راکٹ بلڈنگ پر لگے (فوٹو اے پی)
یوکرین کے مغربی شہر رائیون میں ایک ٹی وی ٹاور پر روسی بمباری سے نو افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو علاقائی انتظامیہ کے سربراہ نے کہا کہ ’نو ہلاک اور نو افراد زخمی ہیں۔ ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پیر کی صبح دو راکٹ بلڈنگ پر لگے۔
امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق سپین کے وزیر خارجہ نے پیر کو کہا کہ انہوں نے چینی وزیر خارجہ سے کہا کہ بیجنگ یوکرین میں جنگ روکنے کے لیے روس پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔
وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم تاریخی لمحات دیکھ رہے ہیں اور تمام عالمی قیادت کی ذمہ داری اور دانشمندی کی ضرورت ہے۔‘
’وزیر خارجہ نے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کی اور کہا کہ روس نے یورپ کے امن و استحکام کو داؤ پر لگایا ہے اور عالمی برادری کے لیے خطرہ ہے۔‘
روس نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کے بڑے شہروں پر کنٹرول حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے، لیکن صدر ولایمیر پوتن کے حکم پر اس کارروائی کو ابھی روکا ہوا ہے۔
 پیر کو کریملن کے ترجمان دمیتری پیسکوو نے کہا کہ ’پوتن نے فوری طور پر حملہ نہ کرنے کا حکم دیا ہے کیونکہ عام شہری زیادہ تعداد میں ہلاک ہو سکتے ہیں۔‘
تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’وزارت دفاع بڑے شہروں پر کنٹرول حاصل کر سکتی ہے جو پہلے ہی تقریباً پورے گھیرے میں ہیں۔ انسانی انخلا کےلیے کچھ علاقوں میں راستہ دیا جائے گا۔‘

شیئر: