پی ٹی آئی کارکنان کاسندھ ہاؤس پر دھاوا، ’باغی‘ارکان کے گھروں کاگھیراؤ
پی ٹی آئی کارکنان کاسندھ ہاؤس پر دھاوا، ’باغی‘ارکان کے گھروں کاگھیراؤ
جمعہ 18 مارچ 2022 15:44
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
اسلام آباد پولیس نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے کے الزام میں تحریک انصاف کے دو ارکان قومی اسمبلی فہیم خان اور عطا اللہ نیازی سمیت 10 سے 12 کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
اس سے قبل جمعے کو پی ٹی آئی کے درجنوں کارکن سندھ ہاؤس اسلام آباد کے باہر جمع ہوئے اور انہوں نے منحرف ارکان کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ کارکنوں نے ہاتھوں میں لوٹے اٹھا کر احتجاج ریکارڈ کرایا جب کہ بینرز پر بھی احتجاجی نعرے درج تھے۔ مزید پڑھیں
واضح رہے کہ اسلام آباد میں سندھ ہاؤس ریڈ زون کے اندر واقع ہے۔
اس موقع پر اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری سندھ ہاؤس کے باہر پہنچی اور پی ٹی آئی کے کارکنان کو منتشر کردیا۔ تاہم کچھ دیر بعد پی ٹی آئی کے کارکن دوبارہ سندھ ہاؤس کے باہر جمع ہوئے اور زبردستی مرکزی گیٹ توڑ کر سندھ ہاؤس کے اندر داخل ہوگئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ’باغی‘ اراکین کے سندھ ہاؤس میں منظرعام پر آنے اور وزیر اعظم کے خلاف ووٹ دینے کے اعلان کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاج شروع کردیا ہے۔
گرفتار ارکان قومی اسمبلی تھانہ سیکریٹریٹ سے رہا
بعد ازاں سندھ ہاؤس اسلا آباد سے گرفتار کیے گئے ارکان قومی اسمبلی فہیم خان اور عطا اللہ نیازی کو تھانہ سیکریٹریٹ سے رہا کردیا گیا۔
تھانہ سیکریٹریٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل کا کہنا تھا کہ ’دونوں ارکان قومی اسمبلی کو شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’کارکنوں کی ضمانت کے لیے پی ٹی آئی نے اپنے وکلا کو ہدایت کردی ہے۔‘
پی ٹی آئی کارکنان کے سندھ ہاؤس میں زبردستی گھسنے کے بعد اسلام آباد ہولیس کی بھاری نفری سندھ ہاؤس پہنچ گئی (فوٹو: اردو نیوز)
اسد عمر کی پی ٹی آئی کارکنوں کو سندھ ہاؤس خالی کرنے کی ہدایت
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو سندھ ہاؤس سے واپس جانے کی ہدایت کی۔ اسد عمر نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ سندھ ہاؤس فوری طور پر خالی کردیں۔
’کارکنان ایسی کسی کارروائی کا حصہ نہ بنیں جو آئین اور قانون کے خلاف ہو۔‘
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ’پاکستان تحریک انصاف قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ ’قانون ہاتھ میں لینا ہماری پالیسی کے خلاف ہے۔‘
سندھ ہاؤس جانے والا راستہ بند
پولیس نے سندھ ہاؤس جانے والا راستہ بند کردیا ہے۔ سندھ ہاؤس کی داخلی سڑک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ میریٹ چوک سے بھی ریڈ زون میں داخلے ہونے کا راستہ بند کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں کا منحرف ارکان کے گھروں کا گھیراؤ
ادھر لاہور میں بھی تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی وجیہہ اکرم کے گھر کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید احتجاج کیا۔ تحریک انصاف کے کارکنان نے لوٹے اٹھا کر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ’پہلے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیں، یہ ووٹ عمران خان کی امانت ہے۔‘
فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض کے گھر کے باہر بھی احتجاج کیا گیا جبکہ شہر میں منتخب رکن اسمبلی کے خلاف بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب راجا ریاض کی ایک مبینہ آڈیو لیک بھی منظرعام پر آئی ہے جس میں ان کے ووٹرز ان سے وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نہ دینے پر شکوہ کرتے سنے جاسکتے ہیں۔ اس مبینہ کال میں ان کے ووٹر ان سے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
پشاور میں رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کے گھر کے باہر بھی تحریک انصاف کے کارکنان نے جمعے کو احتجاج ریکارڈ کیا۔ کارکنان نے نور عالم خان کے خلاف اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔