Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وفاداری بدلنے کی آئینی شق کی تشریح، ’حکومت ریفرنس دائر کرے گی‘

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ سے درخواست کی جائے گی کہ ریفرنس کو روزانہ کی بنیاد پر سن کر فیصلہ دیا جائے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے پارٹی وفاداری بدلنے سے متعلق آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ’پی ٹی آئی کے منحرف اراکین واپس آ جائیں کچھ نہیں کہا جائے گا۔‘
جمعے کو ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آرٹیکل 63-A کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ میں  آرٹیکل 186 کے تحت ریفرنس دائر کیا جائے گا، سپریم کورٹ سے رائے مانگی جائے گی کہ جب ایک پارٹی کے ممبران واضع طور پر ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہوں اور پیسوں کے بدلے وفاداریاں تبدیل کریں تو ان کے ووٹ کی قانونی حیثیت کیا ہے۔‘
فواد چوہدری نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’کیا ایسے ممبران جو اپنی وفاداریاں معاشی مفادات کے لیے تبدیل کریں ان کی نااہلی زندگی بھر ہو گی یا انھیں دوبارہ انتخاب لڑنے کی اجازت ہو گی؟
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے درخواست کی جائے گی کہ اس ریفرنس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے فیصلہ دیا جائے۔ 
خیال رہے کہ جمعرات کو حکمران جماعت تحریک انصاف کے متعدد ارکان قومی اسمبلی نے میڈیا پر آ کر اپنی پارٹی کے قائد عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا حصہ بننے کا اعلان کیا تھا۔
اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں تحریک انصاف کے ’منحرف‘ ارکان قومی اسمبلی کے سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت کے وزرا نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے سندھ ہاؤس کو سٹاک ایکسچینج بنا دیا ہے: شیخ رشید
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پولیس سندھ ہاؤس میں داخل نہیں ہوگی۔
شیخ رشید نے جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’25 مارچ کو اپوزیشن بھی اپنا جلسہ کرے گی جبکہ 27 تاریخ کو عمران خان کی ریلی ہے۔انہوں نے 10 لاکھ لوگوں کو کال دی ہے۔ اس لیے ہم پر بہت بھاری ذمہ داری ہے۔‘
’ہم چاہتے ہیں کہ ہم باہمی افہام وتفہیم سے راستوں اور جلسوں کے مقام کا تعین کر لیں۔ جمہوریت میں تصادم کی گنجائش نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر ٹکراؤ کی کیفیت بنی تو اپوزیشن کسی بھول میں نہ رہے۔‘

شیخ رشید نے کہا کہ ’وزارت داخلہ آپ(اپوزیشن) کو یقین دلاتی ہے کہ پولیس سندھ ہاؤس میں داخل نہیں ہو گی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’کسی شخص کے لیے سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ آپ آئیں اور ووٹ ڈالیں۔‘
’جو خرید و فروخت سندھ ہاؤس میں ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ سے میں سندھ میں گورنر راج کے حق میں تھا۔ میں وزیراعظم کو آج سمری پیش کی تھی لیکن وہ منظور نہیں ہوئی، ابھی اس میں بہت وقت ہے۔‘
’انہوں نے سندھ ہاؤس کو سٹاک ایکسچینج بنا دیا ہے۔‘
منحرف پی ٹی آئی ارکانِ اسمبلی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’بِکنے اور بَکنے والے واپس آ جائیں کچھ نہیں کہا جائے گا۔‘
وزیرداخلہ نے کہا کہ ’وزارت داخلہ آپ(اپوزیشن) کو یقین دلاتی ہے کہ پولیس سندھ ہاؤس میں داخل نہیں ہو گی۔‘
’حالات جس تلخی کی طرف چلے گئے تھے اب بہتر ہو رہے ہیں۔‘
شیخ رشید نے پارٹی وفاداری کی آئینی شق کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کے حکومت کے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔

شیئر: