Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شرم الشیخ میں ولی عہد ابوظبی، مصری صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کی ملاقات

باہمی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے مشاورت کی گئی( فوٹو وام)
مصر کے شہر شرم الشیخ میں منگل کو ولی عہد ابوظبی شیخ محمد بن زاید، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینٹ نے ملاقات کی ہے۔
اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق تینوں ملکوں کے رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے مشاورت اور یکجہتی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ابوظبی، مصر اور اسرائیل کے رہنماوں نے بین الاقوامی منڈیوں کے استحکام اور توانائی کے تحفظ کے بارے میں بھی بات چیت کی ہے۔
شیخ محمد بن زاید، مصری صدر اوراسرائیلی وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی حالات اور متعدد مسائل پر نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا۔ 
 العربیہ نیٹ کے مطابق مصری صدرعبدالفتاح السیسی نےابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید اوراسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی میزبانی کی ہے۔ امارات اوراسرائیل کے درمیان معمول کے تعلقات استوار ہونے کے بعد یہ پہلا سہ فریقی سربراہ اجلاس ہے۔
مصری ایوان صدارت کے ایک بیان میں کہا گیا کہ’ تینوں رہنماوں نے تیل کی منڈیوں کے استحکام اورغذائی تحفظ کے ساتھ  بین الاقوامی اور علاقائی امور پربھی تبادلہ خیال کیا ہے‘۔
بینیٹ کے دفترسے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ دنیا اور خطے میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں تینوں ممالک کے درمیان تعلقات اور انہیں ہر سطح پر مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی ہے‘۔

شیئر: