Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مساجد میں افطار کرانے کے لیے عطیات جمع نہ کیے جائیں‘

وزارت کا کہنا ہے کہ اعتکاف کرنے والے مقررہ ضوابط کی پابندی کریں ( فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور نے مساجد میں افطار کے لیےعطیات جمع نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت اسلامی امور نے مساجد کے آئمہ اور موذنوں سے کہا ہے کہ ’وہ اپنی ڈیوٹی پابندی سے انجام دیں۔ رمضان کے دوران کوئی غیر حاضر نہ ہو۔ مساجد میں نصب کیمرے امام اور نمازیوں کی فوٹوگرافی کے لیے نہ استعمال کیے جائیں۔ نماز کے مناظر ذرائع ابلاغ سے کسی بھی شکل میں نہ دکھائے جائیں۔‘ 
 ام القریٰ کیلنڈر کے حساب سے اذان کے اوقات کی پابندی کی جائے۔ یاد رہے کہ رمضان میں عشا کی اذان اور جماعت کا وقت عام دنوں سے مختلف ہوتا ہے۔ 
وزارت اسلامی امور نے ائمہ سے کہا کہ ’وہ فرض نمازوں کے بعد مساجد میں مفید کتابیں پڑھنے کا اہتمام کریں۔ خصوصاً روزوں کے احکام و آداب اور رمضان کے فضائل کتابوں کے ذریعے بیان کریں۔ ایسے موضوعات پر بھی روشنی ڈالیں جو معاشرے کے لیے مفید ہوں۔‘
وزارت اسلامی امور نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’کسی بھی مسجد کا کوئی امام، موذن یا اہلکار کسی بھی شکل میں روزے داروں کو افطار کرانے کے نام پر عطیات نہ جمع کرے۔ افطار دسترخوان مساجد کے صحنوں اور مناسب مقامات پر بچھائے جائیں۔ افطار کے بعد صفائی کا اہتمام کیا جائے۔‘ 
وزارت نے مزید کہا کہ ’رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والے مقررہ ضوابط کی پابندی کریں۔ اجازت کے بغیر کسی کو بھی اعتکاف کی اجازت نہیں ہو گی۔‘
 

شیئر: