طائف میں محکمہ صحت کے ڈائریکٹر سعید القحطانی نے رنیہ کمشنری کے قریوں اور بستیوں کے باشندوں کے لیے موبائل کلینک کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق افتتاح کے موقع پر کمشنر رنیہ الوصیص بن علی السبیعی اور معاون ڈائریکٹر صحت عامہ خالد الثبیتی بھی موجود تھے۔
القحطانی اور السبیعی کو موبائل ڈسپنسری کے بارے میں ضروری بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ اس کے ذریعے دور دراز مقامات پر آباد قریوں اور بستیوں کے رہائشیوں کو متعدد خدمات مہیا ہوں گی۔ انہیں پیٹ کے امراض، دانتوں کی بیماریوں کے معائنے اور علاج کی سہولت دی جائے گی۔
ڈسپنسری میں لیبارٹری کے علاوہ ایکسرے موجودہے ۔ علاوہ ازیں مقامی باشندوں کو حفظان صحت سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جائیں گی۔ معذوروں کو سپیشل خدمات دی جائیں گی۔
القحطانی نے ہدایت کی کہ صحت عملہ موبائل ڈسپنسری کے ذریعے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور مقامی لوگوں کی صحت کی ضروریات احسن طور پر پوری کرے۔
موبائل ڈسپنسری نئے انداز سے کام کر رہی ہے۔ یہ سہولت ایسے قریوں اور بستیوں کے باشندوں کے لیے مہیا کی جا رہی ہے جنہیں صحت کے مراکز میں پہنچنے میں مشکلات ہوتی ہیں۔