سعودی وزیر اسلامی امور کی انڈونیشی نائب صدر سے ملاقات
تعلقات مزید مضببوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر برائےاسلامی امورشیخ عبدالطیف آل شیخ نے جکارتہ میں انڈونیشیا کے نائب صدر معروف امین سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران اسلامی امور کے حوالے سے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
انڈونیشیا کے نائب صدر معروف امین نے دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کی خدمات کےلیے سعودی قیادت کی جاری کوششوں کو سراہا ہے۔
انہوں نےکہا کہ سعودی عرب عازمین حج اورعمرہ زائرین کوسہولتوں کی فراہمی کے لیے جو کام کیا ہےاسے ہر کسی نے تسلیم کیا اور سراہا ہے۔
انہوں نے کورونا وبا سے نمٹنے اور زائرین کو محفوظ رکھنے کےلیے مملکت کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
سعودی وزیربرائے اسلامی امور شیخ عبدالطیف آل شیخ نے وژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبے کے تحت سیاسی، اقتصادی، معاشرتی اور ثقافتی شعبوں میں ہونے والے پیش رفت کے علاوہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی اسلام کے حوالے سے خدمات کو اجاگرکیا۔
اس موقع پرانڈونیشیا میں سعودی عرب کے سفیرعصام الثقفی، انڈونیشیا کے نائب وزیر برائے اسلامی امور زین توحید، انڈونیشیا کے سینیئرعہدیداراور سعودی وفد کےارکان موجود تھے۔