ایک شخص پریڈ گراؤنڈ میں زور زور سے رو رہا تھا: مریم نواز
ایک شخص پریڈ گراؤنڈ میں زور زور سے رو رہا تھا: مریم نواز
اتوار 27 مارچ 2022 19:09
مسلم لیگ ن نے لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا۔ فوٹو: ٹوئٹر مسلم لیگ ن
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر کہا کہ ایک شخص پریڈ گراؤنڈ میں زور زور سے رو رہا تھا، جلسے کی ناکامی کا الزام نواز شریف پر نہ لگائیں۔
اتوار کو گوجرانوالہ میں مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا جلسہ ناکام ہو گیا ہے، جلسے میں دس ہزار لوگ بھی نہیں آئے تھے اور کہتے تھے کہ دس لاکھ آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے سرکاری وسائل استعمال کیے بغیر گوجرانوالہ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران دو جلسے کیے، جبکہ عمران خان کا جلسہ فیل ہو گیا ہے۔
’نہ سرکاری وسائل، نہ سرکاری پیسہ، نہ سرکاری ہیلی کاپٹر، نہ اٹھارہ سرکاری ٹرینیں، نہ گاڑیاں، نہ ڈی سی، نہ کمشنر، نہ اے سی اور چوبیس گھنٹے میں دو مرتبہ جلسہ کر کے گوجرانوالہ نے ثابت کر دیا کہ کسی پیسے یا ٹرین کی ضرورت نہیں ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ وہ پاکستانیوں اور اسلام آباد والوں کو سلام پیش کرتی ہیں کہ عمران خان کے جلسے میں نہ جا کر انہوں نے عمران خان کی حکومت میں ہی ان کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفنا دی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف نے جعلی مقدمے بھی بھگتے اور سزائیں بھی کاٹیں، نواز شریف کو اس لیے بار بار لوگ منتخب کرتے ہیں کیونکہ وہ پاکستان کا بیٹا ہے۔
انہوں نے ’ایبسولوٹلی ناٹ‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’یاد کرو وہ دن جب پانچ ارب ڈالر کی پیشکش ٹھکرا کر نواز شریف نے انڈیا کے پانچ دھماکوں کے جواب میں چھ دھماکے کیے تھے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرح بیرون ملک جا کر نواز شریف پاکستان کی فوج کو برا بھلا نہیں کہتے اور نہ ہی فوج پر انگلیاں اٹھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف آئیں گے اور عوام کی قسمت بدلے گی۔
’غبارے میں جو ہوا بھری گئی تھی وہ آج نکل گئی‘
اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے کہا کہ ’پتا نہیں کہاں سے اس غبارے میں جو ہوا بھری گئی تھی وہ آج نکل گئی ہے۔ ہمارے مقابلے میں اسلام آباد میں ایک جلسی ہوئی ہے۔‘
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’عمران خان ایجنڈا اسرائیل کو تسلیم کروانا تھا۔ آپ کا ایجنڈا مدارس کا خاتمہ تھا جو مشرف دور سے شروع ہوا۔ آج ہم اپنی فتح اور تمہاری شکست کا اعلان کر رہے ہیں۔‘
’امریکہ کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ تم نے اسلامی دنیا میں ایجنٹ چھوڑے ہیں۔ امریکہ کا ایجنڈا کبھی پورا نہیں ہوگا۔ امریکہ کا ایجنڈا ناکام اور ہمارا کامیاب ہوا۔ پاکستان کو کمزور کرنا امریکی پالیسی تھی۔‘
انہوں نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے قوم کو آئی ایم ایف، ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف کا غلام بنایا۔‘
’تم کہتے ہو کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔ اپنی فکر کرو آج تم ہماری گرفت میں ہو۔‘