وزیراعظم کو حج کے بعد الیکشن کروا دینے چاہییں: شیخ رشید
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق نے اچھا فیصلہ کیا۔ اب ایم کیو ایم کا فیصلہ فیصلہ کن ہو گا۔ خواہش ہے کہ وہ ساتھ دے۔
منگل کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد سے چار دہشت گرد گرفتار کیے ہیں، جن میں دو خودکش بھی تھے۔
’پشاور میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ تین اپریل اپوزیشن 172 ارکان پورے نہ کر سکے۔
’اکتیس مارچ سے تحریک عدم اعتماد پر تقاریر اور تین اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی یہ روز بھی خوش اسلوبی سے گزر جائے گا۔
قبل از وقت الیکشن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے ایک بار پھر کہا کہ وزیراعظم کو حج کے بعد الیکشن کروا دینے چاہییں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان آخری گیند تک کھیلیں گے۔
’سیاست میں بعض لوگ جیت کے بھی ہار جاتے ہیں اور کچھ ہار کے بھی جیت جاتے ہیں۔‘
اس سوال کہ عثمان بزدار کو ہٹانے سے قبل مشورہ کیا گیا تھا؟ کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ وہ مشورہ کریں یا نہ کریں ہم ان کے ساتھ ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پنڈی، پنڈی ہے اور پاکستان کے ساتھ ہے۔
’اگر انہوں نے غیر جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے تو اچھی بات ہے، اس پر کسی کو مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔‘
شیخ رشید نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے تمام راستوں سے کنٹینر ہٹا دیے ہیں۔
پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جلسہ تو مولانا فضل الرحمان کا تھا، باقی تو اداکار تھے۔