امارات میں رمضان کے دوران مساجد میں خواتین کے مصلے بحال ہوں گے
مساجد میں نماز کے حوالے سے نئے ضوابط کا اعلان کیا گیا ہے( فائل فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات میں رمضان کے دوران مساجد میں نماز کے حوالے سے نئے ضوابط کا اعلان کیا گیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق اماراتی حکام نے کہا کہ’ اس سال رمضان میں خواتین کو بھی وبا سے قبل کی طرح مساجد میں نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی۔ خواتین کے مصلے بحال ہو جائیں گے جبکہ عصر یا عشا بعد مساجد میں یومیہ درس بھی ہوں گے‘۔
قدرتی آفات، بحرانوں اور ہنگامی حالات کے نگراں قومی ادارے کے ترجمان ڈاکٹرطاہرالعامری نے کہا کہ ’امارات میں حالیہ ایام کے دوران کورونا سے متاثرین کی تعداد میں توجہ طلب حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ کورونا ایس او پیز کی پابندی کی جار ہی ہے اورکورونا ویکسین لینے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے‘۔
ڈاکٹرطاہرالعامری نے کہا کہ’ گزشتہ 3 برسوں کے دوران امارات نے کورونا وبا پر کنٹرول کےلیے تمام تر اقدامات۔ وبا سے متاثرین کےعلاج اوروبا کو پھیلنے سے روکنے کےلیے موثر اقدامات کا اہتمام کیا۔ اس کا مثبت نتیجہ وبا پرقابو پانے کی صورت میں نکلا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اس سال رمضان میں نمازیوں کو پینے کا پانی بوتلوں کی صورت میں فراہم کیا جائے گا۔ رضا کار مساجد میں نمازیوں کی خدمت کریں گے‘۔
’عشا کی اذان اور نماز کے درمیان 20 منٹ کا وقفہ ہو گا۔ عشا اورتراویح کا دورانیہ 45 منٹ کا ہوگا۔ رمضان کے آخری عشرے میں تہجد بھی ہو گی اس کےلیے 45 منٹ مقرر ہیں۔ مساجد میں قرآن پاک کے نسخے بھی مہیا ہوں گے‘۔