Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے: فیصل واوڈا

فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ’خط میں عمران خان کو قتل کرنے کی بات ہوئی ہے‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
سابق سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زندگی کو بھی بہت خطرہ ہے، انہیں (جان سے) مارنے کی سازش کی جارہی ہے۔‘
بدھ کو ایک نجی چینل کے پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا سے سوال کیا گیا کہ کیا وزیراعظم کو موصول ہونے والے خط میں نواز شریف کا ذکر ہے تو انہوں نے کہا کہ ’یہ اہم نہیں ہے بلکہ اہم یہ ہے کہ یہ جو میلہ لگا ہوا ہے یہ کیوں لگا ہے؟ کیا ہوا ہے ایسا جو سب ایک جگہ اکٹھے ہوگئے ہیں۔‘
فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان ایک گملے کی طرح ہے، چور اٹھا کر لے جائیں گے پھر اسے کھا کر ملک سے نکل جائیں گے۔’سال دو سال بعد سیٹنگ بنے گی کسی آقا کا فون آئے گا، بیرونی طاقتوں کی بات کررہا ہوں، ان آقاؤں کے حکم پر تماشہ کریں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہماری باری میں آقا کا بہت دباؤ آیا تھا لیکن ہم نے ملک کا سودا نہیں کیا تھا۔‘
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ’اگر میں آپ کو ایوب خان کے دور سے سنانا شروع کروں تو یا تو آدمی مارا گیا ہے یا اس کی حکومت پلٹا دی گئی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’عمران خان کی زندگی کو بھی بہت خطرہ ہے۔‘ فیصل واوڈا سے پوچھا گیا کہ کیا اس خط میں ایسی کوئی بات لکھی ہوئی ہے؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’اس خط میں عمران خان کو قتل کرنے کی بات ہوئی ہے۔‘
تحریک انصاف کے رہنما کے بقول ’اس بار بھی جب عمران خان تقریر کررہے تھے تو انہیں سو بار کہا گیا کہ اس (ڈائس) کے آگے بلٹ پروف شیشہ لگانے دیں لیکن انہوں نے ہمیشہ کی طرح یہی کہا کہ جس دن میری موت آنی ہے آجائے گی۔‘

فیصل واوڈا کے بقول وزیراعظم کو اسلام آباد کے جلسے میں بلٹ پروف شیشہ لگا کر تقریر کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا (فائل فوٹو: پی ایم آفس)

انہوں نے بتایا کہ ’عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور یہ اس مراسلے سے ہی متعلقہ ہے۔ یہ ایک مراسلہ تو نہیں ہے نا۔ میں وہی بات کررہا ہوں جو مجھے پتا ہے اور ہم اپنے لیڈر کے بارے میں فکرمند ہیں۔‘
فیصل واوڈا سے پوچھا گیا کہ کیا قتل کرنے کا لفظ استعمال ہوا ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ ’جی بالکل، عمران خان کو مارنے کی سازش کی جا رہی ہے۔‘

شیئر: