ام القری کا نام ہمیں عزیز ہے: صد سالہ جشن پر شاہ سلمان کا پیغام
’شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے شہزادہ خالد الفیصل نے صد سالہ جشن کی تقریب کی صدارت کی ہے‘ ( فوٹو: واس)
سعودی سرکاری گزٹ ام القری کے صد سالہ جشن پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’ام القری کا نام ہمیں عزیز ہے‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’بانی مملکت شاہ عبد العزیز کے حکم پر جاری ہونے والے سرکاری گزٹ ام القری کو آج ایک سو سال ہوگئے ہیں‘۔
’تمام چیلنجز کے باوجود یہ گزٹ شائع ہوتا رہا اور ایک دن بھی اس کی اشاعت بند نہیں ہوئی‘۔
شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’شاہ عبد العزیز نے سعودی عرب کے پہلے اخبار کی اشاعت کا حکم دیا تو اس کا نام ام القری رکھا‘۔
’یہ مکہ مکرمہ کے متعدد ناموں میں سے ایک نام ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ سعودی قیادت کو یہ مقدس سرزمین کس قدر عزیز ہے‘۔
شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’جہاں میں اپنے ہم وطنوں کو ام القری کے صد سالہ جشن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں وہیں اس اخبار کو ایک سو سال تک چلانے والے عملے کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں‘۔
دوسری طرف خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے ام القری کے صد سالہ جشن کی تقریب کی صدارت کی ہے۔
مکہ مکرمہ میں چیمبر آف کامرس کے تقریبات ہال میں منعقد ہونے والی شاندار تقریب میں متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد بن عبد اللہ القصبی نے ام القری کی اہمیت اور اس کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔