العلا ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے سعودی، فرانسیسی وزارتی کمیٹی کا اعلامیہ
اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ بھی شریک ہوئے (فوٹو، ایس پی اے)
سعودی، فرانسیسی وزارتی کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں مملکت اور فرانس کے درمیان العلا اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے شراکت داری کو وسیع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارتی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت وزیر ثقافت اور العلا رائل کمیشن کے گورنر شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان جبکہ دوسری جانب سے فرانسیسی وزیر برائے یورپ و خارجہ امور جین نول باروٹ نے کی۔
مشترکہ کمیٹی کے اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اور وزیر سرمایہ کاری انجینیئرخالد الفالح کے علاوہ العلا رائل کمیشن کے قائمقام سی ای او عبیر العقل بھی موجود تھے۔
اجلاس کے شرکا نے مملکت اور جمہوریہ فرانس کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون اور شراکت داری کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں حکومتوں کے ارکین نے العلا کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا ۔
کمیٹی کے ’فیلا الحجر‘ منصوبے کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا جو ثقافت و فنون کے حوالے سے سعودی ، فرانسیسی مشترکہ پروگرام ہے۔
اجلاس میں العلا رائل کمیشن اور پیرس ون پینتھیون یونیورسٹی کے مابین شراکت داری کے اتفاق کو سراہا گیا جس میں العلا رائل کمیشن میں السٹوم کمپنی کے تعاون سے العلا ٹرام منصوبہ بھی شامل ہے اس کے علاوہ دیگر ترقیاتی منصوبے بھی شامل ہیں۔
اجلاس کے اختتام میں اس بات کی یقین دہانی کی گئی کہ باہمی تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کی تکیمل کے لیے ٹھوس بنیادوں پر کام کیاجائے گا۔