امسال سردی دیگر برسوں کے مقابلے میں کم ہوگی، موسمیات
یکم دسمبر سے مملکت میں باقاعدہ موسم سرما کا آغاز ہو گا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں قدرے کمی ہو گی جس کا سلسلہ بتدریج جاری رہے گا۔
اخبار24 کے مطابق القحطانی نے سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ کے پروگرام میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ موسمیاتی ریڈار کی رپورٹوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ کہا جاسکتا ہے کہ مملکت میں موسم سرما کا باقاعدہ آغاز یکم دسمبر 2024 سے ہو گا۔
القحطانی کا مزید کہنا تھا کہ مملکت کے شمالی و مشرقی بالائی علاقوں میں موسم وسطی علاقوں کے مقابلے میں سرد ہوگا تاہم جنوبی اور مغربی ساحلی علاقوں میں سردی کی شدت نہیں ہوگی۔
ترجمان قومی مرکز نے بتایا کہ توقع ہے کہ آئندہ چند روز مملکت کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا جن میں طائف ، عسیر ، الباحہ اور جازان شامل ہیں تاہم دیگر علاقوں میں موسم میں کوئی قابل ذکر تبدیلی کے آثار فی الحال ظاہر نہیں ہورہے۔
سردی کی لہر کے حوالے سے حسین القحطانی کا کہنا تھا کہ موصولہ رپورٹس کے مطابق امسال بحثیت مجموعی سردی کا تناسب گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کم رہنے کا امکان ہے تاہم راتیں دن کے مقابلے میں سرد ہوں گی۔