پرائیویٹ ہیلتھ سیکٹر میں کام کرنے والے سعودیوں کی تعداد میں اضافہ
سعودی عرب میں سرکاری اداروں نے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک سال کے دوران پرائیویٹ ہیلتھ سیکٹر میں کام کرنے والے سعودیوں کی تعداد میں 17.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق 2021 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران صحت کے اداروں میں کام کرنے والے سعودیوں کی تعداد دو لاکھ 19 ہزار 300 تک پہنچ گئی جبکہ 2020 کی چوتھی سہ ماہی کے آخر میں ان کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار300 تھی۔
سرکاری اداروں کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال ہیلتھ سیکٹر میں 39 ہزار نئے سعودی اہلکار شامل ہوئے ہیں۔
2021 کی آخری سہ ماہی میں کارکنان کی مجموعی تعداد چار لاکھ 70 ہزار350 ریکارڈ کی گئی تھی ۔ صحت اداروں میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی تعداد 53.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ان کی کل تعداد دو لاکھ 51 ہزار ریکارڈ کی گئی۔