میٹاورس کا چیلنج: ’ٹی وی چینلز اپنی موت آپ مرنے والے ہیں‘
میٹاورس کا چیلنج: ’ٹی وی چینلز اپنی موت آپ مرنے والے ہیں‘
جمعرات 7 اپریل 2022 9:56
میٹاورس کی وجہ سے ٹی وی چینلز کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹیکنالوجی امور کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ٹیلی ویژن کمپنیوں کو اپنی بقا کے لیے آن لائن انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں قدم رکھنا ہو گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹی وی کمپنیاں نوجوان صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پہلے سے آن لائن گیمنگ کے پلیٹ فارمز کا مقابلہ کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں لیکن دوسری جانب میٹا ورس لاکھوں صارفین کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے۔
میٹاورس دراصل تھری ڈی ورچوئل ورلڈ پر مبنی ایک نیٹ ورک ہے جس میں آن لائن رابطوں، گیمز اور ملاقاتوں کے لیے تھری ڈی ٹیکنالوجی کی سہولتیں موجود ہیں۔
جہاں ایک طرف نسبتاً بڑی عمر کے صارفین و ناظرین روایتی ٹیلی ویژن کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں وہیں 35 برس سے کم عمر کے لوگوں کی ٹی وی میں دلچسپی کم ہو رہی ہے۔
ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے متعلق فرانس کی ایک فرم سائسیک کی شریک بانی فریڈرک کاوازا کا کہنا ہے کہ ’نوجوان ٹی وی ناظرین بننے کے بجائے اب ’ایکٹو پلیئرز‘ بننے کو ترجیح دے رہے ہیں اور وہ ٹی وی سکرینوں سے سمارٹ فونز کی جانب منتقل ہو چکے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ٹیلی ویژن چینل ناظرین سمیت اپنی موت آپ مرنے والے ہیں۔
زیادہ سے زیادہ نوجوان صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ٹی وی براڈ کاسٹرز کو روبلوکس، فورٹ نائٹ اور مائن کرافٹ جیسے گیمنگ پلیٹ فارمز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ یہ پلیٹ فارمز پہلے میٹاورس میں اپنی برتری کا تاثر قائم کر چکے ہیں۔
میڈیا ریسرچ فرم ’ڈیوبٹ‘ کے مطابق امریکہ میں نو سے 12 برس کے صارفین کی تقریباً نصف تعداد ’روبلوکس‘ کا کم از کم ہفتے میں ایک بار استعمال کرتی ہے۔ یہ صارفین اس پلیٹ فارم پر گیمز کھیلنے اور دوستوں کے ساتھ تفریح کی غرض سے کنسرٹس دیکھنے میں مصروف رہتے ہیں۔
’ڈیوبٹ‘ کے شریک بانی میتھو وارن فورڈ کے مطابق ’اب براڈ کاسٹرز کو سوچنا ہوگا کہ آیا وہ روایتی ٹی وی کی سکڑتی ہوئی مارکیٹ سے چپکے رہیں گے یا پھر میٹاورس پلیٹ فارمز پر اپنے برانڈز کو متعارف کراتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میٹاورس میں شمولیت کا مطلب لوگوں کو ایک ایسی دنیا فراہم کرنا ہے جس میں وہ خود کو کہانی کا حصہ تصور کریں، اپنے دوستوں کے ساتھ کھیل سکیں۔ یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے ڈزنی لینڈ آپ اور آپ کے دوستوں کو اپنی ’مکی ماؤس‘ کی دنیا میں جانے کا موقع دیتا ہے۔‘
ٹی وی کمپنیوں کے پاس میٹاورس کو اپنانے کے لیے وقت تو ہے لیکن انہیں اپنے مختلف عمر کے صارفین کے رجحانات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔
ٹی وی چینلز کے بڑی عمر کے صارفین روایتی نشریات کے عادی ہیں جبکہ ادھیڑ عمر کے لوگ سٹریمنگ کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔ نوجوان صارفین کی دلچسپی کا محور سوشل میڈیا انٹرٹینمنٹ ہے۔
فرانس کے سرکاری ٹی وی چینل میں انوویشن کے شعبے کی سربراہ کیٹی بریم کا کہنا ہے کہ ’نیشنل براڈ کاسٹرز ابھی تک اس بارے میں تحقیق کے مرحلے میں ہیں۔‘
ماہرین کے مطابق مستقبل میں میٹاورس کی وجہ سے ٹی وی چینلز کو معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔