جازان میں مٹی کے برتن اور آرائشی اشیا کا استعمال بڑھنے لگا
جازان میں مٹی کے برتن اور آرائشی اشیا کا استعمال بڑھنے لگا
پیر 11 اپریل 2022 5:33
مقامی خواتین خوبصورت گلدان اور برتن بنا رہی ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں رمضان کی آمد پر جازان میں مٹی کے برتنوں اور آرائشی اشیا کا رواج بڑھنے لگا ہے۔
مقامی خواتین خوبصورت گلدان گل بوٹوں سے مزین صراحیاں اور انواع و اقسام کے برتن کمال فن کاری سے تیار کر رہی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جازان کا علاقہ قدیم زمانے سے دستی مصنوعات کے حوالے سے مشہور ہے۔ یہاں مٹی کے برتن اور آرائشی اشیا تیار کی جاتی ہیں۔
روایتی ہنرمند وادی سے مٹی لاکر انواع و اقسام کے برتن تیار کر رہے ہیں۔ سرخ مٹی بھی استعمال کی جا رہی ہے۔
جازان یونیورسٹی میں آرکیٹک اورسول انجینیئرنگ کی فیکلٹی میں آرٹ سیکشن کی سربراہ فاطمہ الحازمی نے بتایا کہ یہاں کھانے پینے اور پکوان تیار کرنے والے برتن بھی مٹی سے تیار کیے جا رہے ہیں۔ دہی بنانے، چائے کے کپ اور پانی محفوظ کرنے اور ٹھنڈا کرنے کے لیے خاص برتن ہوتے ہیں یہ بھی تیار ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگیٹھیاں بھی بنائی جا رہی ہیں۔ اس صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے خصوصی لیباریٹری ہے جہاں مٹی کو مختلف شکلیں دی جاتی ہیں اور پھر اسے بھٹی میں پکایا جاتا ہے۔
الحازمی نے بتایا کہ آرٹ کی ماہر کی حیثیت سے کوشش ہے کہ آباؤ اجداد کے اس ہنر کو جسے انہوں نے سادہ انداز میں ترقی دی تھی جدید طریقے اپنا کر نیا روپِ، نئی شکل اور نیا انداز دیا جاسکے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں