انڈیا: مسجد کے مینار پر زعفرانی جھنڈا لہرانے پر تین افراد گرفتار
پولیس نے موقع پر پہنچتے ہی صورتحال پر قابو پا لیا۔ فوٹو اے این آئی
انڈیا کی ریاست بہار کے شہر مظفرپور کی ایک مسجد کے مینار پر زعفرانی رنگ کا جھنڈا لہرانے پر تین افراد کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
انڈین خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) مظفرپور نے بتایا کہ واقعہ اتوار کو سری رام نوامی کے تہوار کے موقع پر پیش آیا تھا۔ واقعے کی ایف آئی آر منگل کو درج کر لی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ تہوار کے موقع پر نکلنے والے جلوس کے دوران ایک شخص کو مسجد کی دیوار پھلانگتے ہوئے دیکھا گیا جس نے مسجد کے مینار پر زعفرانی رنگ کا جھنڈا لہرایا۔ جبکہ جلوس میں شامل موٹر بائیک پر سوار افراد نے تلواریں اور ہاکی لہراتے ہوئے اس شخص کی حوصلہ افزائی کی۔
پولیس کے مطابق موقع پر پہنچتے ہی جھنڈا ہٹا دیا گیا تھا اور صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
تاہم واقعے کے بعد سے کوئی فرقہ وارانہ نوعیت کا واقعہ نہیں پیش آیا۔