اتحاد ایئر سعودی عرب کے لیے ہفتے میں 52 پروازیں چلائے گی
مدینہ منورہ کے لیے بھی پروازیں بحال کی گئی ہیں( فائل فوٹو عرب نیوز)
الاتحاد ایئرویز کی ترجمان فاطمہ المھیری نے کہا ہے کہ اتحاد ایئر سعودی عرب کے لیے اپنی پروازوں کی تعداد بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ہفتے میں 52 پروازیں چلائی جائیں گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق فاطمہ المھیری نے کہا کہ اتحاد ایئر نے ایئر بس A350 کی پہلی پرواز ابوظبی سے پیرس کے لیے 31 مارچ 2022 کو روانہ کی تھی۔
400 نشستوں والی ائیر بس میں کئی خصوصیات ہیں۔ یہ طویل اور مختصرمسافت کی پروازوں کے لیے مثالی ہے۔ نان سٹاپ 16 ہزارکلو میٹر کا سفر طے کرنے کی صلاحیت ہے۔
طیارے کے اندر پریشر کا تناسب مناسب رہتا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ لینڈنگ اور پرواز کے دوران مسافر خود کو تازہ دم محسوس کرتے ہیں۔
فاطمہ المھیری نے بتایا کہ مدینہ منورہ کے لیے پروازیں بحال کی ہیں۔ ہفتے میں تین پروازیں چلائی جارہی ہیں۔
ریاض، جدہ اور دمام کے لیے بھی پروازیں چل رہی ہیں۔ سعودی عرب کے لیے ہفتے میں پروازوں کی تعداد 42 سے 52 تک پہنچانے کا ا رادہ ہے۔