فلپائن کے سفیر ڈاکٹر عدنان کی سعودی وزیر صحت سے ملاقات
فلپائن کے سفیر ڈاکٹر عدنان کی سعودی وزیر صحت سے ملاقات
جمعرات 21 اپریل 2022 14:10
مملکت کے طبی شعبے میں تعاون مزید بڑھانے کے امکانات پر اظہار خیال کیا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں فلپائن کے سفیر ڈاکٹر عدنان الونتو نے حال ہی میں سعودی عرب کے وزیر صحت فہد الجلاجل سے ریاض میں ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔
عرب نیوز کے مطابق اس ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور بات چیت کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر نے فلپائن اور سعودی عرب کے درمیان طبی خدمات کے علاوہ تحقیق اور ترقی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے امکانات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ مملکت بھر میں میڈیکل کےشعبے میں زیادہ ترفلپائن عملہ نرسنگ اور پیرا میڈیکل سٹاف کے طور پر کام کر رہا ہے۔
اس ملاقات کے بعد ڈاکٹرعدنان نے صحہ ورچوئل ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہیں ورچول ہسپتال کی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
قبل ازیں سعودی وزارت صحت نے اس شعبے کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے 28 فروری کو مملکت میں پہلے ورچوئل ہسپتال کا آغاز کیا ہے۔
130 منسلک ہسپتالوں کے بڑھتے ہوئے لائیو نیٹ ورک کے ساتھ یہ صحہ ورچول ہسپتال دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ہسپتال ہے۔
صحہ ہسپتال کے مقابلے میں دوسرا ورچوئل ہسپتال امریکہ میں ہے جس کے ساتھ دیگر 43 ہسپتال کا الحاق ہے۔
صحہ ورچوئل ہسپتال سے رابطہ کرنے والے مریضوں کو خصوصی ڈاکٹروں کے ذریعے دیکھنے کے لیے مملکت کے مختلف حصوں کا سفر کرنے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی وہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کے کلینک اوقات تک محدود ہیں۔
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں صحہ ورچول ہسپتال کے زیر نگرانی اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم نے عمرہ کی ادائیگی کے دوران مکہ مکرمہ میں حرم شریف کے اندر فالج کا شکار ہو جانے والی بزرگ خاتون کی جان بچائی۔
62 سالہ زائر خاتون کو مقامی پیرامیڈیکس نے کمزوری محسوس کرنے، چہرے کے مسلز کھچنے اور آہستہ آہستہ اپنے ہوش کھو دینے کے بعد مسجد الحرام میں موجود میڈیکل ایمرجنسی سنٹر منتقل کیا تھا۔
مریض خاتون کو فوری طور پر حرم شریف کے قریبی اجیاد ایمرجنسی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سی ٹی سکین سے فالج کی ابتدائی تشخیص کی تصدیق ہوئی تھی ۔
صحہ ورچوئل ہسپتال کے نیورولوجسٹ اور سٹروک کنسلٹنٹس نے مریضہ کا معائنہ کر کے انہیں علاج کے لیے قریب ہی واقعہ کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی منتقل کر دیا تھا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں