Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں ’نقلی‘ زم زم فروخت کرنے والی دکان سیل

مکہ میونسپلٹی نے متعدد دکانیں سیل کیں۔ (فوٹو سبق)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے  ریستورانوں، غذائی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں اور جنرل سٹورز پر چھاپے مار کر  نقلی آب زم زم کے  250 کین  ضبط کرلیے۔  پوچھ گچھ پر تجارتی مراکز کے ذمے داران یہ بتانے سے قاصر رہے کہ یہ آب زمزم کے کین کہاں سے  حاصل کیے گئے۔ یہ کین نامناسب طریقے سے ذخیرہ کیے گئے تھے اور حفظان صحت کے ضوابط کی مکمل خلاف ورزی کی جارہی تھی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے  ماتحت المسفلہ کی بلدیاتی کونسل نے بیان جاری کرکے کہا کہ اس کے انسپکٹرز نے بلدیہ کے دائرے کار میں داخل ریستورانوں کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والے مراکز اور سٹورز پر چھاپے مارے تھے اس حوالے سے متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آنے کے بعد بارہ تجارتی ادارے  سیل کردیے گئے۔

زم زم کے کین نامناسب طریقے سے ذخیرہ کیے گئے تھے۔ (فوٹو سبق)

المسفلہ کی بلدیاتی کونسل نے توجہ دلائی کہ ایک سٹور کے تہہ خانے میں غیر قانونی طریقے سے قائم گودام بھی سیل کردیا گیا جہاں مٹھائیاں تیار کی جارہی تھیں اور وہاں سلامتی کے ضوابط پامال کیے جارہے تھے۔ مٹھائیاں ذخیرہ کرنے اور ان کے پیکٹ تیا رکرنے کا طریقہ کار بھی حفظان صحت کے منافی تھا۔ گودام فوری طور پرسیل کردیا گیا اور بلدیاتی کونسل  کی جانب سے گودام کے مالک پر جرمانہ بھی کردیا گیا۔
دوسری جانب المعابدہ کی بلدیاتی کونسل کے انسپکٹرز نے تین تجارتی اداروں کو سیل کردیا جبکہ بغیر پرمٹ کے کاروبار کرنے والی پانچ عارضی دکانوں کو بھی ختم کرادیا گیا ان پر جرمانے بھی کیے گئے۔

67 کلو غذائی اشیا ضبط کی گئیں جو استعمال کے قابل نہیں تھیں۔ (فوٹو سبق)

العتیبیہ کی بلدیاتی کونسل کے انسپکٹرز نے تفتیشی مہم کے دوران متعدد خلاف ورزیاں نوٹ کیں۔ کئی تجارتی اداروں میں صفائی کا معیار نہایت خراب تھا۔ سامان غلط طریقے سے ذخیرہ کیا ہوا تھا۔ 67 کلو گرام ایسی غذائی اشیا ضبط کرلی گئیں جو انسانی استعمال کے قابل نہیں تھیں اور ان میں سے کئی تجارتی اداروں کو سیل کردیا گیا۔
العزیزیہ کی بلدیاتی کونسل نے  ماسک کے  20 کارٹن ضبط کرلیے۔ ریڑھی والوں کے ہاتھوں فروخت کیے جانے والے تھے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: