Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 9 لاکھ، اومی کرون کیسز میں کمی

امریکی حکام کے مطابق وائرس کے نئے ویریئنٹ اومی کرون کے پھیلاؤ میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
امریکہ میں عالمی وبا کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد نو لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ ملک میں وائرس سے گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں ایک لاکھ افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد کُل تعداد نو لاکھ ہو گئی۔
ڈیڑھ ماہ قبل دسمبر کے وسط میں امریکہ میں وائرس کے آٹھ لاکھ ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ گزشتہ ہفتوں کے دوران روزانہ اموات کی شرح اڑھائی ہزار کے لگ بھگ ہے۔
امریکی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق وائرس کے نئے ویریئنٹ اومی کرون کے پھیلاؤ میں کمی دیکھی جا رہی ہے تاہم روزانہ ہونے والی مریضوں کی ہلاکتوں کی تعداد میں کمی نہیں آئی۔
امریکہ میں امراض پر قابو پانے کے مرکز کے ڈائریکٹر روشلے ویلنسکی نے بتایا کہ ’مریضوں کے ہسپتالوں میں لانے جانے کی تعداد تاحال زیادہ ہے جس کے ملک کے بعض حصوں میں صحت کے نظام اور محکمہ صحت کے کارکنوں پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔‘
خیال رہے کہ امریکہ میں سب سے پہلے عالمی وبا کے خلاف ویکسین کی تیاری کے بعد کروڑوں شہریوں کی ویکسینیشن کرائی جا چکی ہے تاہم اس کے باوجود دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکی ریاستوں میں ہوئیں۔
امریکہ میں ایک بڑی تعداد میں ایسے شہری ہیں جو ویکسین کی مخالفت کرتے ہیں جس کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا کہ فوج سے ایسے اہلکاروں کو برطرف کیا جائے جو ویکسینیشن پر آمادہ نہیں۔

شیئر: