یمن میں 2 ہزار ٹن سے زیادہ کھجوریں ورلڈ فوڈ پروگرام کے حوالے
یمن میں 2 ہزار ٹن سے زیادہ کھجوریں ورلڈ فوڈ پروگرام کے حوالے
جمعہ 22 اپریل 2022 21:07
یمن کے7 گورنریٹس میں 17 لاکھ 85 ہزارافراد میں کجھوریں تقسیم کی گئی ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے یمن کے شہرعدن میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے نمائندوں کو دو ہزار 700 ٹن سے زیادہ کھجوریں حوالے کی گئی ہیں۔
عرب نیوز نے سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمن کے7 گورنریٹس میں 17 لاکھ 85 ہزارافراد میں یہ کجھوریں تقسیم کی گئی ہیں۔
عدن میں ڈبلیو ایف پی کے قائم مقام دفتر کے ڈائریکٹرمحمد شیخ نے یمن میں پسماندہ لوگوں کے لیے شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کی جانب سے پیش کی جانے والی امداد کی ستائش کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے بھحجی جانے والی یہ امداد رمضان میں بروقت پہنچی جہاں گھرانوں کی خوراک کی ضروریات میں اضافہ ہوا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے رمضان کے آغاز سے یمن کے 13 گورنریٹس کے لیے پانچ ہزار ٹن کھجوریں تقسیم کرنے کا آغاز کیا ہے جس میں 6 لاکھ سے زیادہ ضرورت مند خاندانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ امداد یمن سمیت کئی عرب اور اسلامی ممالک کے لیے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ذریعے سالانہ سعودی تعاون کا حصہ ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔
شاہ سلمان مرکز مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا(فوٹو ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 80 ممالک میں مختلف قسم کے 1940 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.5 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 368 ملین ڈالر، شام میں 322 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 209 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔