مملکت میں پیر سے جمعہ تک کن علاقوں میں بارش کا امکان
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ سفر کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ (فوٹو الریاض)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ پیر 25 اپریل سے جمعہ 29 اپریل تک سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے موسمیات کے قومی مرکز کی پیشگوئی کے تناظر میں تمام شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دوران محتاط رہیں۔ ایک شہر سے دوسرے شہر کا سفر کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
قومی مرکز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عسیر، باحہ، نجران، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، ریاض، الشرقیہ، حائل، الجوف اور حدود شمالیہ ریجن بارش کے موسم سے متاثر ہوں گے۔ کہیں درمیانے درجے اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
تیز گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی جن سے حد نظر محدود ہوسکتی ہے۔ بارش سے سیلاب کا بھی امکان ہے۔
محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمد الحمادی نے کہا کہ تمام لوگ برساتی نالوں سے دور رہیں۔ سیلاب کے مقامات کے قریب نہ جائیں۔ شہری دفاع کی جانب سے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کی مدد سے اپ ڈیٹ دی جاتی رہے گی اس پر نظر رکھیں۔ اپنی سلامتی کا خیال رکھیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں