وزیراعظم چارٹرڈ طیارے پر عمرے کے لیے نہیں جا رہے: مریم اورنگزیب
مریم اونگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے ذاتی خرچ پر سعودی عرب جا رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ان خبروں کی تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف چارٹرڈ طیارے میں سرکاری خرچ پر عمرہ کے لیے جا رہے ہیں۔
پیر کو سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کسی چارٹرڈ جہاز پر نہیں جا رہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے ذاتی خرچ پر سعودی عرب جا رہے ہیں اور وہ کمرشل پرواز پر جائیں گے۔
’شہباز شریف بطور وزیراعلٰی پنجاب دس سال تک بیرون ملک سفر کے اخراجات ذاتی جیب سے ادا کرتے رہے ہیں۔‘
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ٹویٹ کی تھی کہ جب عمران خان نے سرکاری اخراجات میں کمی کی پالیسی اپنائی تھی تو صحافیوں نے اس کا مذاق بنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’اب سعودی عرب پورا جہاز لے جایا جا رہا ہے۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’فیک نیوز پی ٹی آئی کی پہچان اور جھوٹ طرہ امتیاز ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سچائی اور پی ٹی آئی دو متضاد چیزیں ہیں۔
’صحافیوں کو کبھی سازش میں ملوث کرتے ہیں تو کبھی دوروں کے جھوٹے ٹویٹ چلاتے ہیں۔‘
مریم اورنگزیب کے مطابق ’جو چار سال میں عوام کا آٹا، چینی، دوائی، روزگار، معیشت، بجلی، تیل گیس سب کچھ کھا گئے، انہیں صحافیوں کے کھانوں پر تکلیف ہو رہی ہے۔‘
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ’چار سال عمران صاحب نے کفایت شعاری کا جو ڈرامہ کیا، وہ آج تاریخ کے سب سے زیادہ مالی خسارے کی شکل میں سب کے سامنے ہے۔‘