گزشتہ 24 گھنٹے کے اندر کورونا کے 99 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
مملکت میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی بیشی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ ایک روز میں مختلف ریجنز میں 99 افراد میں کوورنا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد وشمار کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے نئے کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد اب تک اس وائرس میں مبتلا مجموعی مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 53 ہزار 921 تک پہنچ چکی ہے۔
گزشتہ ایک روز میں کورونا وائرس سے 151 افراد کے شفایاب ہونے کے بعد اب تک مجموعی طورپر7 لاکھ 41 ہزار 540 افراد اس وائرس سے صتحیاب ہوچکے ہیں۔
جمعہ کے روز جاری اعداد وشمار کے مطابق مہلک وائرس سے ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی اب تک 9 ہزار 86 افراد اس وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہارچکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں وزارت کی جانب سے کورونا سے بچاو کےلیے مفت ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ تمام ریجنز میں ویکسینیشن سینٹرکام کررہے ہیں جہاں سعودی شہریوں اورغیرملکیوں کو ویکسین کی بوسٹرڈوز لگائی جارہی ہے۔
ویکسینیشن کے حوالے سے وزارت کا مزید کہنا تھا کہ اب تک مملکت کے تمام ریجنز میں کورونا سے بچاو کےلیے 6 کروڑ 42 لاکھ 73 ہزار 792 ویکسین کی خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جن میں پہلی ، دوسری اورتیسری ڈوز شامل ہے۔
خیال رہے وزارت صحت کی جانب سے 50 برس یا اس سے زائد عمر کےلیے بوسٹرڈوز کی دوسری خوراک لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔