Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر مبارک باد

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے شہریوں ،مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارک باد کا پیغام دیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد عبداللہ القصیبی نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر اپنی جانب سے تمام شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور عالم اسلام کو عید کی مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ’ہم رب کریم کے شکر گزار ہیں کہ جس نے ہمیں رمضان المبارک میں روزہ رکھنے اورعبادت کی نعمت سے سرفراز فرمایا۔ دعاگو ہیں کہ وہ ذات گرامی ہمارے نیک اعمال کو قبول فرمائے۔‘
خادم حرمین شریفین نے اپنے پیغام میں کہا ’ہم رب کریم کے شکرگزار ہیں جس نے ہمیں حرمین شریفین کی خدمت کی سعادت کا شرف عطا کیا، ہم اس عظیم مقصد کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں تاکہ رب تعالی کے مہمانوں کو سہولت اور آرام مہیا کیا جائے.‘
’یہ رب کریم کا خاص فضل وکرم ہے کہ حرمین شریفین میں مکمل گنجائش کے ساتھ عمرہ زائرین اور نماز کے لیے آنے والوں کو مکمل سہولت کے ساتھ عبادت کرنے کا موقع میسرآیا۔ رمضان مبارک کے دوران عمرہ زائرین کی بڑی تعداد کو دیکھنا ہمارے لیے بھی باعث مسرت ہے ، ہم رب تعالی کا شکربجا لاتے ہیں کہ اس ذات اقدس نے ہمیں وبائی مرض کا مقابلہ کرنے اور اسکے اثرات کو کم کرنے کے لیے اعلی ترین ذمہ داری ، سنجیدگی اور جدت کے ساتھ کام کرنے اور ضیوف الرحمان کی  خدمت کا موقع فراہم کیا‘۔
اپنے پیغام کے اختتام میں خادم حرمین شریفین نے مزید کہا ’آخر میں ہم اپنے بہادرہیروز اور سرحدوں پرتعینات جوانوں کی جرات کو بھی سراہتے ہیں ساتھ ہی وطن عزیز کے بیٹے ، بیٹیوں کا بھی شکریہ ادا  کرتے ہیں جنہوں نے خلوص نیت سے ہرمیدان میں خدمات انجام دیں ساتھ ہی دعا گو ہیں کہ رب کریم وطن عزیز کو ہربرائی سے محفوظ رکھے ‘۔

شیئر: