شاہ سلمان نے شہریوں اورغیر ملکیوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ہے(فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہفتے کی شام مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس سال دنیا بھر میں کورونا کی وبا کا سامنا ہے جس کے سبب موجودہ حالات میں آپ سب لوگ عید الفطر کے موقع پر گھروں میں سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے گھروں میں منائیں.
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے ایوان شاہی سے جاری شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی پیغام کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ’ شکر ہے ذات باری تعالی کا کہ جس کے خاص فضل و کرم سے ہمیں رمضان کی نعمتوں سے فیض یاب ہونے کا موقع ملا اور ہمیں عید الفطر کی خوشیاں میسرآئیں.
بیان میں مزید کہا گیا ’یہ ٹھوس حقیقت ہے کہ دنیا کو اس سال جس وبائی مرض ’کورونا ’ کا سامنا ہے اس کی مثال ماضی میں کبھی نہیں ملتی.عالمی سطح پر اس وبا سے نمٹنے اور محفوظ رہنے کےلیے اصول متعین کیے گئے ہیں جن پر سب کو سختی سے عمل کرنا ہے.
شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں مزید کہا ’ اس حوالے سے میں اپنے ہم وطنوں اور مقیم غیر ملکیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مکمل خلوص اور نیک نیتی کے ساتھ مملکت کے متعلقہ اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کیا تاکہ اس وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے. ہمارا بنیادی ہدف اور اولین ترجیح انسانوں کی صحت اور ان کی جانوں کی حفاظت ہے‘.
شاہ سلمان نے مزید کہا ’ میں آپ سب کی جانب سے اس تعاون کی بے حد قدر کرتا ہوں کہ آپ عید کی خوشیاں گھروں میں رہتے ہوئے سماجی فاصلوں سے دوری کے اصول کے تحت منائیں گے اور مقررہ اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے محض سوشل نیٹ ورک کے ذریعے ہی اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں کو عید مبارک کے پیغامات پر ہی اکتفا کریں گے . بے شک آپ بھی اس امر سے بخوبی آگاہ ہیں کہ یہ اقدامات انتہائی مجبوری کی حالت میں کیے جارہے ہیں تاکہ اس وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے‘.
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عید الفطر کے اپنے خصوصی پیغام میں مزید کہا ’ موجودہ مخصوص حالات میں جن سے ہم اس وقت گزر رہے ہیں معاشرے کی سلامتی اور حفاظت کے لیے یہ ضروری ہے کہ احتیاطی اقدامات پر مکمل طور پر عمل کیاجائے. وقت کا تقاضا ہے کہ مسلمان نماز عید کے لیے نہ گھروں سے نہ نکلیں اور ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد روایتی طریقے سے نہ دیں، میں تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے امید کرتا ہوں کے سلامتی کے مقررہ اصولوں پر سختی سے عمل کریں گے تاکہ اس وبائی مرض سے سب محفوظ رہیں ‘.
انہوں نے مزید کہا ’ ملک کو ان تمام افراد پر فخر ہے جو ان مشکل حالات میں وطن کی سلامتی اور لوگوں کی حفاظت کے لیے انتہائی پرخلوص اور نیک نیتی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔