Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں سیلاب سے 20 افراد ہلاک، پاکستان کا امداد بھجوانے کا اعلان

طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال کی وجہ  سے 20 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان میں طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال کی وجہ  سے 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
افغانستان کے مقامی ٹی وی چینل طلوع نیوز کے مطابق افغانستان کے متعدد صوبوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوئی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلے سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے فغانستان سیلاب سے قیمتی جانوں اور مالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرین کے لیے امدادی سامان بھی بھجوانے کا اعلان کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 20 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے جبکہ مواصلات کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔
افغانستان کے قائم مقام نائب وزیر برائے نیچرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ملاوی شرف الدین مسلم کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث درجنوں مکانات تباہ ہوئے اور 100 سے زائد مویشی ہلاک ہوئے۔
افغانستان کے جو صوبے شدید بارشوں سے متاثر ہوئے ان میں قندھار، ہلمند، ہرات، بدخشاں، تاخار، پروان، قندوز، میدان وردک، بغلان، فریاب اور جوزان شامل ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم آفس جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباش شریف نے افغانستان کے سیلاب زدگان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے عالمی برادری اور او آئی سی افغان ہیومینٹیرین ٹرسٹ کے فورم سے متاثرہ افغان عوام کی مدد کی کوششوں کو تیز کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ سیلاب کے نتیجہ میں افغانستان میں پہلے سے جاری انسانی بحران میں مزید شدت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

شدید بارشوں سے قندھار، ہلمند، ہرات، بدخشاں، تاخار، پروان اور دیگر صوبے متاثر ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

 انہوں نے کہا کہ بروقت اقدامات نہ ہوئے تو جانی نقصانات بڑھنے کا خطرہ ہے جس کے لیے فوری ہنگامی اقدامات درکار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خوراک، طبی امداد، بے گھر افراد کو پناہ گاہوں کی فراہمی کے لئے عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ افغانستان کی مدد کا پروگرام شروع کرے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہیں، ہر ممکن امداد کریں گے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو افغانستان کے سیلاب سے متاثرہ عوام کو امداد کی فراہمی کا بھی حکم دیا اور کہا کہ پاکستان متاثرین کے لئے ہنگامی امداد بھجوا رہا ہے۔ وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔

شیئر: