Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فون پر ٹیکس بڑا ایشو، کوئی بہتر صورت نکلے گی‘

آئندہ بجٹ میں اس کا کوئی حل نکالنے کی درخواست کروں گا( فوٹو اردونیوز)
پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ’اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فون پر ٹیکس ایک بڑا ایشو ہے۔ وزیر خزانہ سے اس پر بات کروں گا‘۔
 وفاقی وزیر سعودی عرب سے روانگی سے پہلے جدہ قونصلیٹ میں کمیونٹی کی نمایاں شخصیات سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نےکمیونٹی کو درپیش مسائل سنے اور سوالات کے جواب دیے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانیوں کے زیر استعمال موبائل فون پر ٹیکس ایک بڑا ایشو ہے۔ خصوصا طلبہ اس سے زیادہ متاثر ہیں۔ ساٹھ ، ستر ہزار روپے ٹیکس دینا پڑتا ہے۔ وزیر خزانہ سے آئندہ بجٹ میں اس کا کوئی حل نکالنے کی درخواست کروں گا۔ امید ہے کوئی بہتر صورت نکلے گی‘۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان کے نئے طریقہ کار کےتحت اوورسیز پاکستانی زیراستعمال موبائل فون دو ماہ تک بغیر ٹیکس دیے استعمال کرسکتے ہیں تاہم اس کے بعد انہیں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی( پی ٹی اے) کے وضح کردہ طریقہ کار کے تحت رجسٹر کروا کر ٹیکس دینا ہوگا جو موبائل فون کی قیمت کے حساب سے دینا پڑتا ہے۔
سعودی عرب میں پاکستانی سکولوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ’ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو جو سب سے اچھی سروس دے سکتی ہے وہ معیاری تعلیم ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کو بہترین تعلیم فراہم کریں‘۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ’ وزارت خارجہ کے توسط سے بیرون ملک تمام پاکستانی کمیونٹی سکولوں کا اکنامک آڈٹ ہونا چاہیے’۔

شیئر: