جس کو میں میر جعفر کہتا ہوں وہ شہباز شریف ہیں: عمران خان
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ اقتدار سے ہٹنے کے بعد وہ خطرناک بن جائیں گے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جس کو میں میر جعفر کہتا ہوں وہ شہباز شریف ہیں۔
منگل کو جہلم میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکی سازش کے ذریعے 22 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کو ہٹایا گیا۔
’30 سال سے جو ڈاکو ملک کو لوٹ رہے تھے ان کو ملک پر مسلط کیا گیا۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے قوم کی خود داری کو جگا دی۔ ایک سازش کے تحت بوٹ پالش کو اوپر بٹھا دیا جو کہ قوم کی توہین ہے لیکن قوم جاگ گئی۔‘
عمران خان نے کہا کہ جس کو چوری میں سزا ہوئی ہے اور وہ لندن بھاگ گیا ہے، اس نے ساری کابینہ کو لندن بلایا ہے۔
’پاکستانیوں یہ آپ کے پیسے خرچ کرکے لندن جا رہے ہیں اور وہاں جاکر اس بندے سے ہدایات لیں گے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ 20 مئی کے بعد اسلام آباد مارچ کی کال دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ دونوں بھائیوں نے اچھی کمبینیشن بنائی ہوئی ہے۔ ’ایک لندن میں بیٹھ کر فوج کو برا بھلا کہتا ہے اور دوسرا یہاں پالش کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتا ہے کہ عمران خان فوج کے خلاف بات کرتا ہے۔ ’نواز شریف جب انڈیا گیا تو انہوں نے حریت رہنماؤں سے ملاقات نہیں کی۔‘
انہوں نے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی نواز شریف اور شہباز شریف کے منہ سے کشمیر کی بات سنی ہے؟
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ اقتدار سے ہٹنے کے بعد وہ خطرناک بن جائیں گے۔
’ادھر تو میں بند تھا میرا وزن بھی بڑھ گیا تھا اب شکر ہے کہ اپنے عوام کے بیچ آگیا۔‘
سابق صدر آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’میں نے سندھ کو آصف زرداری سے آزاد کروانا ہے، تیار ہو جاؤ میں آ رہا ہوں سندھ۔‘