Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کے حکم پر طائف ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مجلس انتظامیہ کی تشکیل

مجلس انتظامیہ کے سربراہ شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کو متعین کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر طائف ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مجلس انتظامیہ تشکیل دے دی گئی۔ ولی عہد، نائب وزیراعظم و سربراہ اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل شہزادہ محمد بن سلمان نے تجویز دی تھی۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق طائف ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مجلس انتظامیہ کے سربراہ شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان ہیں جو وزیر ثقافت بھی ہیں۔
کونسل کا رکن شہزادہ سعود بن نھار بن سعود ، شہزادی ھیفا بنت محمد بن سعود بن خالد، انجینیئر ابرہیم بن محمد السطان، عبدالعزیز بن اسماعیل طرابزونی اورڈاکٹر خالد عمر عزام کو بنایا گیا ہے۔ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کا ایک نمائندہ بھی مجلس انتظامیہ کا رکن ہوگا۔ 
طائف ڈیولپمنٹ اتھارٹی کمشنری کے ترقیاتی اداروں کے درمیان یکجہتی پیدا کرے گی۔ پالیسیاں تیار کرے گی۔ جائزے، سکیمیں اور تصورات ترتیب دے گی۔ متعدد شعبوں میں  سرمایہ کاری کے حوالے سے ترغیبات فراہم کرے گی۔ ان شعبوں میں زراعت اور دیہی سیاحت قابل ذکر ہیں۔ مختلف شعبوں کا فروغ بھی اس کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔ 
طائف کمشنری قدرتی، سیاحتی، تاریخی اور ثقافتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان سارے وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ طائف مکہ مکرمہ ریجن کی کمشنری ہے اور اسے مکہ کا مشرقی گیٹ کہا جاتا ہے۔ یہاں  عمرہ اور حج کے لیے آؓنے والوں کے لیے دو میقاتیں  ہیں۔ یہ متعدد شاہراہوں کا سنگم ہے۔ یہاں ایسے تاریخی مقامات بھی ہیں جن کا تعلق ماقبل مسیح سے ہے۔  

شیئر: