Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منشیات کی سمگلنگ میں بچوں کا استعمال، ’چپل گینگ‘ گرفتار

پولیس کا کہنا تھا کہ اس گینگ کی کارروائی کا طریقہ کار حیران کن ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں منشیات کی سمگلنگ کے لیے کم عمر بچوں کا استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
بین الصوبائی گروپ نے چپلوں میں منشیات چھپا کر کراچی اسملگل کی۔
سائیٹ ایریا پولیس کے مطابق پیر کو ضلع غربی کے سائیٹ ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے اور منشیات کی سمگلنگ ناکام بناتے ہوئے دو کم عمر بچوں کو گرفتار کیا ہے۔ 
سائیٹ ایریا پولیس نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات کے سمگلرز نت نئے طریقوں سے اپنا مذموم کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکہ دینے کے لیے چپلوں میں چھپا کر ہیروئین کی اسمگلنگ کی کوشش کی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پولیس نے شک کی بنیاد پر دو بچوں کی تلاشی لی اور ان کی چپلوں کو غیر معمولی پاتے ہوئے چپل چیک کی تو وہاں سے منشیات برآمد ہوئی۔ 
پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک کلو ہیروئین چپلوں میں چھپائی تھی، جو انہوں نے پہن رکھی تھی۔
پولیس کے مطابق گینگ کے ارکان نے بتایا کہ وہ کوئٹہ سے کراچی پہنچے اور انہیں ہیروئین لے جانے کے لیے 15 ہزار روپے فی کلو دیے جاتے ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ اس گینگ کی کارروائی کا طریقہ کار حیران کن ہے۔ عام طور پر پولیس بچوں کو چیک نہیں کرتی ملزمان اس بات کا فائدہ اٹھا رہے تھے۔
پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے۔ جلد ہی اس گروہ کے دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا جائے گا۔

شیئر: