پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کے علاقے سربند میں نامعلوم افراد نے فائرنگ سے سکھ برادری کے دو افراد کو قتل کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
پشاور میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں سکھ حکیم قتلNode ID: 605071
-
افغانستان چھوڑیں یا رہیں؟ پیچھے رہ جانے والے سکھوں کا المیہNode ID: 637026
-
میرانشاہ میں خودکش دھماکہ، تین فوجیوں سمیت چھ افراد ہلاکNode ID: 668736
اتوار کو تھانہ سربند کے محرر ارشاد علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’نامعلوم افراد نے بٹہ تل بازار میں سکھ برادری کے دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ اس کے بعد پتا چلے گا کہ کیا معاملہ تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’قتل ہونے والے سکھ دکان میں بیٹھے تھے۔ ان پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کی۔ واقعے کی بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے واقعے کی مذمت
وزیراعظم ہاؤس سے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو پاکستانیوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے میں شہریوں بالخصوص غیرمسلم پاکستانیوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کی پشاور میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو پاکستانیوں کے قتل کی شدید مذمت
وزیر اعلی خیبرپختونخوا صوبے میں شہریوں بالخصوص غیرمسلم پاکستانیوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں
— Prime Minister's Office (@PakPMO) May 15, 2022
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کو قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔
ریکسیو 1122 کے مطابق پشاور کے بٹہ تل چوک میں قتل ہونے والوں کے نام رنجیت سنگھ اور کول جیت سنگھ ہیں۔
واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کیا جائے گا: وزیراعلیٰ پختونخوا
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’یہ واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوس ناک ہے۔ اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے۔‘
’واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ واقعہ شہر کے پر امن ماحول اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔ حکومت ایسی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔‘
وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں اور سکھ برادری کے ساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پشاور میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو پاکستانیوں کے قتل کی شدید مذمت کرتا ہوں، KPK حکومت اقلیتوں کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہے، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سکھ برادری سے تعلق رکھنے والےافراد کے قتل کے کئی واقعات پہلے بھی KPK میں پیش آچُکے ہیں۔
— Rana SanaUllah Khan (@RanaSanaullahPK) May 15, 2022